Chitral Today
Latest Updates and Breaking News

ٹمبر مافیا کے خلاف طبل جنگ پہلے ہی بجا دی ہے

چترال ( بشیر حسین آزاد) وزیر اعلیٰ کے اسپیشل اسسٹنٹ برائے ماحولیات اشتیاق ارمڑ نے کہا ہے کہ سونامی شجرکاری کے نام پر بیلین درخت لگانے میں صوبائی حکومت انتہائی مخلص ہے اور اسے ہرممکن کامیاب بنایا جائے گا جس کے لئے جنگی بنیادوں پر اقدامات کئے جارہے ہیں جبکہ ٹمبر مافیا کے خلاف ہم نے طبل جنگ پہلے ہی بجا دی ہے اور اب جنگل سے ایک انچ لکڑی بھی غیر قانونی طور پر کسی مائی کا لعل کاٹنے کی جراءت نہیں کرسکے گا۔

جمعرات کے روز چترال کے ایک روزہ دورے کے موقع پر انہو ں نے چترال ائر پورٹ میں مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ایک خصوصی مشن پر انہوں نے ہیلی کاپٹر میں داسو اور پٹن کے بعد چترال کے مختلف جنگلاتی علاقوں دروش اور رمبور میں بھی گئے اور مقامی کمیونٹی سے تبادلہ خیال کرکے حالات کا جائزہ لیا اور ساتھ ساتھ مختلف مقامات پر ٹمبر کا بھی معائنہ کیاجو کہ ٹرانسپورٹیشن کے لئے تیار ہے ۔انہوں نے کہاکہ ان لکڑیوں میں قانونی اور غیر قانونی دونوں لکڑی شامل ہیں جس پر غیر قانونی لکڑی کاٹنے کے مرتکب ہونے والوں پر بھاری جرمانے عائد کئے جائیں گے۔

اشتیاق ارمڑنے کہا کہ ایک ارب درخت لگانے کے منصوبے پر چار ارب روپے لاگت آئے گی جسے نہایت شفاف بنایا جائے گا اور اس کی کامیابی کے لئے مانیٹرنگ کا ایک خاص نظام وضع کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سال ایک کروڑ اسی لاکھ پودے لگائے جائیں گے جن میں ایک کروڑ سے ذیادہ کی شجرکاری ہوچکی ہے ۔انہوں نے کہا کہ جنگلات کی انتظام کے لئے قائم جے ایف ایم سی چونکہ ٹمبر مافیا کے ارکان پر مشتمل بتائے جاتے ہیں لہٰذا تما م جے ایف ایم سیز کو فوری طور پر تحلیل کرکے ایک کمیٹی تشکیل دی جاتی ہے جو کہ چترال سے خاتون رکن اسمبلی بی بی فوزیہ کے زیر سرپرستی کام کرکے تمام کمیٹیز کو دوبارہ تشکیل دے گی۔

انہوں نے کہاکہ جنگلات کی حفاظت اور نئے لگائے گئے پودوں کی حفاظت کے لئے نوجوانوں پر مشتمل نگہبان فورس تشکیل دی جارہی ہے جبکہ شجرکاری کے سیز ن میں نئے پودے لگانے کے لئے نوجوانوں کو فی پودے کے حساب سے بھی ادائیگی کا نظام بنایا جارہا ہے جس سے بے روزگاری کی شدت میں بھی کمی آئے گی۔ا شتیاق ارمڑ کے ساتھ چیف کنزرویٹر جنگلات شاہ وزیر خان اور لیڈی ایم پی اے بی بی فوزیہ بھی موجود تھے۔ 

You might also like

Leave a comment

error: Content is protected!!