چترال ( بشیر حسین آزاد ) چترال کی سول سوسائٹی تنظیمات نے نچلی سطح پر عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے صوبائی حکومت سے بلا تاخیر بلدیاتی الیکشن کرانے کا مطالبہ کیا ہے ۔
ساؤتھ ایشیاء پارٹنر شپ پاکستان اور آواز ڈسٹرکٹ فورم چترال کے زیر انتظام منعقدہ کانفرنس میں آواز ڈسٹرکٹ فورم، تحصیل اور ویلج فورم کے نمایندگان ، لوکل سپورٹ آرگنائزیشنز اور سول سوسائٹی آرگنائزیشنز کے ممبران نے چترال پریس کلب میں منعقدہ ایک کانفرنس میں حکومت پریہ واضح کیا ۔ کہ بلدیاتی انتخابات میں مزید تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی ۔
اس لئے صوبائی حکومت جلد آز جلد بلدیاتی انتخابات کراکر گلی محلے کی سطح پر لوگوں کو اپنے مسائل کے حل کیلئے نمایندے چننے کا موقع فراہم کرے ۔کانفرنس کے مہمان خصوصی پاکستان تحریک انصاف کے ضلعی صدر عبد اللطیف تھے ۔ جبکہ دیگر مہمانوں میں صدر آواز ڈسٹرکٹ فورم عبدالولی خان ایڈوکیٹ ،چیرمین ہیومن رائٹس نیاز اے نیازی ،کوآرڈنیٹر سیپ پاکستان محمد اسماعیل ،اے این پی خواتین ونگ کی صدر خدیجہ سردار ، پاکستان مسلم لیگ ن خواتین ونگ کی صدر بی بی جان شامل تھیں ۔
مقرریں نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا ۔ کہ بلدیاتی الیکشن کا تعلق براہ راست عوام سے ہے ۔ جو کہ عام لوگوں کے مسائل حل کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے ۔ تاہم ناعاقبت اندیش حکمران مختلف بہانے تراش کر بلدیاتی الیکشن کرانے نہیں دیتے ۔ کیونکہ اس طرح اسمبلی نمایندگان کی چودھراہٹ ختم ہوتی ہے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ فی الحال چترال اور ملک کی سطح پر قوم کو جو تشویشناک حد تک مسائل درپیش ہیں ۔ اس کی بنیادی وجہ بلدیاتی الیکشن کا نہ ہو نا ہے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ بلدیات سیاست کی نرسری ہے ۔ جہاں سے سیاسی عمل جنم لیتی ہے ۔ اور ایوانوں تک پہنچنے کے مواقع سیاستدانوں کو فراہم کرتے ہیں ۔ مہمان خصوصی عبد اللطیف نے اس موقع پر کہا ۔ کہ تحریک انصاف کی حکومت بلدیاتی الیکشن کو انتہائی اہمیت دیتی ہے ۔ لیکن اس میں تاخیر کی ذمہ داری الیکشن کمیشن پر عائد ہوتی ہے ۔ کیونکہ انہوں نے بائیو میٹرک سسٹم کے تحت اسے منعقد کرانے کے اعلان کے باوجود چھ مہینے ضائع کئے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ موجودہ بلدیاتی سسٹم کو انتہائی مضبو ط اورفعال بنانے کی کو شش کی گئی ہے ۔ اور ویلج کونسل کو مالی اور اختیاراتی طور پر استحکام دیا گیا ہے ۔
اس سے لوگوں کو گلی محلے کی سطح پر مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی ۔کانفرنس سے ڈسٹرکٹ کوآرڈنیٹر سیپ پاکستان محمد اسماعیل ، عبدالولی خان ایڈوکیٹ ، قاضی سجاد ایڈوکیٹ، نیاز اے نیازی ایڈوکیٹ ، مسلم لیگ کی بی بی جان ، محمد عظیم بیگ ایڈوکیٹ ،ظفراللہ پرواز ،حسن بیگم ،ریٹائرڈ صوبیدار نور حسین ،ڈسٹرکٹ پروگرام آفیسر آواز پروگرام آسیہ بی بی نے خطاب کیا ۔
]]>