عشریت کو بجلی کی فراہمی کیلے نوجوانوں کا لانگ مارچ
دروش (چترال ٹوڈے) عشریت کو بجلی کی فراہمی کے مطالبے کو لیکر مقامی نوجوانوں نے چترال کی طرف لانگ مارچ آغاز کر دیا ہے اور لانگ مارچ کے شرکاء تحصیل ہیڈ کوارٹر دروش پہنچ گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق چترال کے گیٹ وے عشریت میں بجلی کی عدم دستیابی کے خلاف اور علاقے کو بجلی کی فراہمی کا مطالبہ لیکر عشریت کے مقامی نوجوانوں نے چترال کی طرف لانگ مارچ کا آغاز کردیا ہے۔
پیر کے روز عشریت سے روانہ ہونے والے شرکاء لانگ دروش پہنچ گئے ہیں۔ انکا کہنا ہے کہ ہم نے بار ہا مطالبہ کیا مگر عشریت کے ساتھ امتیازی سلوک روا رکھا جا رہا ہے، یہاں کئی ایک مسائل درپیش ہیں مگر فی الوقت سب سے اہم مسئلہ علاقے میں بجلی کی عدم دستیابی کا ہے۔ اس حوالے سے چند دن پہلے عشریت میں احتجاجی جلسہ بھی منعقد ہوا تھا اور اسی جلسے میں اس لانگ مارچ کا اعلان کیا گیا تھا۔
لانگ مارچ کے شرکاء نے پاکستان کا قومی پرچم اٹھا رکھا ہے اور ایک بینر میں اپنا مطالبہ بھی پیش کیا ہے۔ دروش پہنچنے پر معروف مذہبی و سیاسی شخصیت قاری جمال عبدالناصر نے لانگ مارچ کے شرکاء کا استقبال کیا۔
بعد ازاں دروش بازار چوک میں مقامی عمائدین قار ی جمال عبدالناصر، پیپلز پارٹی کے صوبائی کونسل کے رکن جاوید اختر، سابق امیدوار تحصیل چیئرمین حاجی شیر محمد، اے این پی کے صوبائی راہنما خدیجہ بی بی نے لانگ مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے انکے موقف کی مکمل حمایت کا اعلان کردیا اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ عشریت کو بجلی کی فراہمی کا بندوبست کیا جائے۔
آخری اطلاع آنے تک لانگ مارچ کے شرکاء بروز کے قریب پہنچ چکے تھے، ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے لانگ مارچ میں شامل افراد کا کہنا تھا کہ وہ آج رات بروز کے علاقے میں قیام کرینگے اور اگلی صبح سویرے دوبارہ مارچ کا آغاز کرکے ڈی سی آفس چترال کے سامنے پہنچ جائینگے۔