Chitral Today
Latest Updates and Breaking News

چترال لیویز کا پہلا کالاش صوبیدار – بمبوریت امد پر پورے علاقے میں جشن

چترال (محکم الدین) برف کی سفید چادر، اس پر مردو خواتین کا ڈھول کی تھاپ پررقص کرتا ہوا جلوس یہ کسی شادی کی تقریب یا کالاش مذہبی تہوار نہیں بلکہ بمبوریت کراکاڑ کے کالاش قبیلے سے تعلق رکھنے والے لیویز فورس چترال کے ٹکا خان کو صوبیدار کے رینک پر ترقی ملنے کی خوشی میں منایا جانے والا جشن ہے جس سے وادی کے کالاش اور مسلمان کمیونٹی دونوں انتہائی طور پر خوش ہیں اور یہ جشن ان کی ترقی کی خوشی میں منایا جا رہا ہے۔
وادی کالاش  کلچرل میوزک سے گونج رہا ہے اور کالاش مردو خواتین سب رقصان ہیں کیونکہ پہلی مرتبہ اقلیتی برادری کو صوبیدار کا عہدہ ملا ہے جو کہ کالاش قبیلے اور وادی کیلئے بہت بڑے اعزاز کی بات ہے۔ ٹکا خان کے والد بھی چترال لیویز میں سپاہی تھے  ان کی وفات کے بعد ٹکا خان لیویز فورس چترال میں بھرتی ہوئے اور آج کالاش قبیلے میں چترال لیویز کا پہلا صوبیدار ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔
ٹکا خان کو کمانڈنٹ چترال لیویز، ڈپٹی کمشنرچترال کی طرف سے صوبیدار کے بیج لگائے گئے تو اس کے بعد اسے قبیلے سےملنے کیلئے لیویز کے دیگر عہدہ داروں اور جوانوں کے ساتھ آبائی گاوں بمبوریت جانے کی اجازت دی گئی جس پر کئی گاڑیوں پر مشتمل جلوس اسے لے کر وادی پہنچا تو جشن کا سماں تھا۔
کالاش خواتین نے روایتی ہار چیہاری پہنائے اور اخروٹ و ٹافیوں کی بارش کر دی۔ گاوں میں ہر سو خوشی کے گیت گائے جارہے تھے اور بڑے چھوٹے مردو خواتین اس سے ملنے کیلئے مشتاق تھے۔ کالاش روایات کے مطابق مبارکبادی کیلئے آنے والے لوگوں کیلئے مال مویشی ذبح کئے گئے ہیں۔ مخصوص ڈش جوش تیار کی جارہی ہے اور پنیر سے تواضع کاسلسلہ جارہی ہے۔  دور دور سے لوگ جوق در جوق مبارکبادی کیلئے آرہے ہیں جبکہ دوسری طرف موسیقی کی محفل بھی جاری ہے۔
ٹکا خان کرا کاڑ بمبوریت کے معروف کالاش قبیلے سے تعلق رکھتا ہے جس کے آباو اجداد کالاش قبیلے میں تاریخی حیثیت رکھتے ہیں۔  ان کو امید ہے کہ وہ چترال لیویز کے صوبیدار میجر کا عہدہ بھی حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائے گا۔
کالاش روایات میں سرکاری عہدہ، شجاعت و بہادری اور ضیافت کی داستانین نسلوں تک نہ صرف یاد رکھی جاتی ہیں۔ بلکہ ان کو سینہ بہ سینہ تاریخ کی اہمیت حاصل ہے۔ مذہبی تہواروں اور غمی و خوشی ہرموقع پر ان داستانوں کو بیان کیا جاتا ہے جنہیں مردو خواتین اور بچے انتہائی توجہ اور انہماک سے سنتے ہیں۔ ٹکا خان کے خاندان کے داستانوں میں اس کی بطور صوبیدار ترقی ایک اہم اضافہ ہے۔ جو کہ اس کے خاندان اور قبیلے کیلئے انتہائی فخر کا باعث ہے۔
You might also like

Leave a comment

error: Content is protected!!