روزانہ کی بنیاد پر عوامی شکایات سننے کا نظام وضع کرینگے: ڈی سی
چترال (بشیر حسین ازاد) ڈپٹی کمشنر لویر چترال محمد انوارلحق نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ اپنے ضلعے میں عوام کے حقوق کا محافظ اور پبلک کی خدمت کے لئے ہوتا ہے اورہم اس بات کویقینی بنائیں گے کہ حکومت کے تمام محکمہ جات پر کڑی نظر رکھتے ہوئے روزانہ کی بنیاد پر عوام سے شکایات سننے کا نظام وضع کیاجائے گا اور کسی سرکاری اہلکارکو اختیارات سے تجاوزکرنے نہیں دیا جائے گا۔
بدھ کے روز ٹاؤن ہال میں منعقدہ کھلی کچہری میں عوامی شکایات سننے کے بعد خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہم چترال ٹاؤن کو ماڈل ٹاؤن بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے تاکہ یہاں سیاحت کی ترقی ہو اور عوام کو درپیش دیرینہ مسائل ان کے دہلیز پر حل ہوسکیں۔ انہوں نے کہاکہ چترال کے لوگ نہ صرف اپنی مہمان نوازی کے لئے مشہور ہیں بلکہ قانون کی احترام کا جذبہ بھی یہاں سب سے ذیادہ پایاجاتا ہے جوکہ انتہائی خوش آئند بات ہے اور ایسے باشعور اور ذمہ دار شہریوں کو حکومت کی طرف سے کسی شکایت کا موقع نہیں دینا چاہئے جوکہ ہمیشہ انفرادی مسئلہ کی بجائے ہمیشہ اجتماعی مسائل کو سامنے لاتے ہیں۔
انہوں نے تاجربرادری کی طرف سے اٹھائے گئے مسائل کے جواب میں کہاکہ ان پر کسی قسم کی ظلم وذیادتی نہیں ہوگی اور بازار کی چیکنگ کے لئے ایک مقررہ طریقہ کار پر عمل کیاجائے گا لیکن تاجر برادری کو ذمہ داری کا مظاہر ہ کرنا چاہئے تاکہ عوام کو ریلیف ملے اور انہیں شکایت کرنے کی ضرورت پیش نہ آئے۔
انہوں نے کہاکہ بازار میں کئی ایک ماڈل شاپس اور ریسٹورنٹ قائم کئے جائیں گے اور چترال کے مقامی مصنوعات کو پروموٹ کرنے میں بھی تاجر برادری کو مدد فراہم کی جائے گی۔
انہوں نے دریائے چترال اور چترال گول نالے کو ہر قسم کی آلودگی سے بچانے کے لئے اقدامات اٹھانے اوربائی پاس روڈ پر تجاوزات اور آئند ہ تعمیر ہونے والے عمارات کو منظور شدہ بلڈنگ پلان کیلئے تعمیر کو یقینی بنانے کا اعلان کیا۔
انہوں نے جوغور کے مقام پر سڑک پر پانی دینے والوں کے خلاف کاروائی کا بھی اے سی چترال کو حکم دے دیا۔ انہوں نے چترال میں سرکاری ملازمتوں کے لئے چترال میں امتحانات منعقد کرانے، پیسکو کی کارکردگی بہتر کرنے، این ایچ اے کے ذمے واجب الادا زمینوں کے معاوضہ جات کی ادائیگی اور دوسرے مسائل کو اعلیٰ حکام کے نوٹس میں لانے کی یقین دہانی کرائی۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر چترال ثقلین سلیم، ایڈیشنل اے سی حفیظ اللہ، ڈی ایچ او ڈاکٹر فیاض رومی، ٹی ایم او کریم اللہ موجود تھے۔ سول سوسائٹی کی طرف سے تجار یونین کے صدر بشیر احمد خان، نائب صدر اظہر اقبال اور دوسرے موجود تھے۔