Chitral Today
Latest Updates and Breaking News

Relief operations underway, many roads still closed

چترال (محکم الدین) چترال میں برف میں پھنسے مسافروں کیلئے امدادی سر گرمیاں جمعہ کے روز بھی جاری رہیں ۔ اور این ڈی ایم اے کے فراہم کردہ پاک آرمی کے ہیلی کاپٹر کے ذریعے کئی مقامات تک امدادی اشیاء پہنچائی گئیں جن میں یارخون ، بروغل ، اویر ارکاری ، بیستی ارکاری وغیرہ شامل ہیں ۔

اسسٹنٹ کمشنر چترال الطاف احمد نے میڈیاکو بتا یا کہ امدادی اشیاء میں فوڈ پیکجز، آٹے کے تھیلے، کمبل گرم کپڑے اور جرابین شامل ہیں ۔ اور یہ اشیاء بروغل اور ارکاری کے لوگوں میں تقسیم کی گئیں ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ ہیلی کاپٹر کے ذریعے 7افراد کو گرم چشمہ سے ریسکیو کیا گیا جن میں بیمار اور محصور لوگ شامل تھے ۔ اسی طرح 4افراد کو بروغل سے چترال پہنچایا گیا جبکہ چترال میں پھنسے ہوئے 30افراد کو ریسکیو کرکے اسلام آباد پہنچایا گیا ہے ۔ اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ ہیلی کاپٹر کے ذریعے امداد کی فراہمی کا سلسلہ تقریبا ختم ہو گیا ہے اب مزید امداد کی فراہمی کیلئے روڈز کھولنے پر توجہ دی جارہی ہے۔
درین اثنا برفباری کے ایک ہفتے بعد بھی بالائی علاقوں کا رابطہ چترال شہر سے بحال نہ ہو سکی ہے ۔ موڑکہو ایریا میں تریچ ویلی ، نشکوہ ، مداک ، زیزدی ، کُشم ، اویر کے راستے بند ہیں ، لو گ پیدل چلنے پر مجبور ہیں ۔ تورکہو روڈ کی صفائی کا کام استارو پُل میں ڈوزر عبور نہ کر سکنے کی وجہ سے رکا ہوا ہے جس کی وجہ سے وورکوپ ، رائین ، شجولی ، شاگرام ، بوزوند ، کھوت ، ریچ ، زنگ لشٹ ، اجنو کا رابطہ تحصیل ہیڈ کوارٹر بونی اور چترال شہر سے منقطع ہے ۔ اور مقامی لوگوں کوصاف شدہ سڑک تک پہنچنے کیلئے 35سے40کلومیٹر تک پیدل چلنا پڑتا ہے ۔ ریچ کے مقام پر برف کا تودہ بی ایچ یو پر گرنے سے دو کمرے اور چاردیواری منہدم ہو چکے ہیں ۔ وی سی ناظم ریچ افسر ولی نے میڈیا کو بتایا کہ 1500گھرانے انتہائی تشویشناک غذائی قلت سے دوچار ہیں ، اس لئے امداد فراہم کی جائے۔
گرم چشمہ روڈ پر شغور سے آگے پندرہ مقامات پر برف کے تودے گرے ہیں ۔ اور روجی سے موغ تک کا ایریا سب سے زیادہ برف کے تودوں کی زد میں آچکا ہے ۔ اور چترال شہر سے سوائے پیدل چلنے کے زمینی رابطہ منقطع ہے ۔ گرم چشمہ بازار کے تین کلومیٹر ائریا میں سی اینڈ ڈبلیو کی طرف سے روڈ کی صفائی کی گئی ہے ۔ جبکہ اس کے علاوہ تمام سڑکیں مکمل طور پر بلاک ہیں ۔ سڑکوں کی بندش کی وجہ سے گرم چشمہ ، تور کہو ، موڑ کہو کے علاقوں میں تازہ سبزیات ، مرغی نا پید ہو چکے ہیں ، جبکہ اشیاء خوردونوش اور سوختنی لکڑی کی بھی قلت کا سامنا ہے ۔ مستوج ایریامیں یارخون ، بروغل اور لاسپور کے دیہات کا رابطہ مستوج خاص سے منقطع ہے ۔اور ٹریفک کی عدم بحالی کے سبب لوگ ان گنت مسائل سے دوچار ہیں ۔
You might also like

Leave a comment

error: Content is protected!!