Election awareness workshop held

چترال ( بشیر حسین آزاد ) چترال کے سیاسی قائدین نے کہا ہے ۔ کہ بلدیاتی الیکشن کا انعقاد اگرچہ سیاسی استحکام اور جمہوریت کیلئے انتہائی اہمیت کی حامل ہے ۔ تاہم اب بتدریج سامنے آنے والے حالات سے یہ معلوم ہو رہا ہے ۔ کہ ووٹنگ کے طریقہ کار کو بہت زیادہ مشکل بنایا گیا ہے ۔ جس کی وجہ سے بہت زیادہ ووٹوں کے ضائع ہونے کا اندیشہ ہے ۔

چترال پریس کلب میں گذشتہ روز کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام ( سی ڈی پی )کے زیر انتظام بلدیاتی الیکشن کے طریقہ کار سے متعلق آگہی دینے کے حوالے سے منعقدہ ورکشاپ میں شریک چترال کے مختلف پارٹیوں کے قائدین نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی الیکشن کے طریقہ کار کو پیچیدہ بنایا گیا ہے ۔ اور عام آدمی کو ووٹ دیتے وقت بہت سی مشکلات پیش آسکتی ہیں ۔ جس کے نتیجے میں شاید وہ اپنی مرضی کے امیداوار کا انتخاب نہ کر پائیں ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ آٹھ بیلٹ پیپر میں درجنوں انتخابی نشانات میں سے اپنے پسند کے نشان کو پہچاننا ایک عام دیہاتی مرد یا خاتون کیلئے جان جوکھوں کا کام ہے ۔ ۔ اس لئے یہ خدشہ ہے ۔ کہ عجلت میں ووٹرز کام نمٹانے کیلئے اُن لوگوں کے نشانات پر مہر لگا سکتے ہیں ۔ جنہیں وہ اپنا ووٹ دینا کسی صورت نہیں چاہتے ۔

تاہم اس توقع کا اظہار کیا گیا ۔ کہ آئندہ الیکشن میں اس میں بہتری آسکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر موجودہ بلدیاتی طریقہ کار کے مطابق الیکشن ہوتے رہے ۔ تو مستقبل میں اس میں بہت بہتری لائی جاسکتی ہے ۔انہوں نے کہا ۔ کہ موجودہ انتخابات کے نتیجے میں ضلعی حکومتوں کے قیام کے بعد صوبائی اسمبلی ممبران کا کام قانون سازی پر مرکوز ہو گا ۔ اور نچلی سطح پر بلدیاتی ممبران علاقائی مسائل حل کرنے کے قابل ہوں گے ۔ بعض سیاسی قائدین نے اپر چترال میں خواتین کو ووٹ کے حوالے سے ٹریننگ دینے کی ضرورت پر زور دیا ۔ اور بعض مقامات پر پولنگ بوتھ کی دوری کی وجہ سے ووٹ کے ٹرن آوٹ میں کمی آنے کے خدشے کا اظہار کیا ۔ انہوں نے اس حوالے سے سکول کے بچوں کو آگہی دینے کی تجویز دی ۔ تا کہ وہ اپنے گھروں میں یہ معلومات فراہم کر سکیں ۔

پروگرام میں پاکستان پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے ایم پی اے سید سردار حسین ، تحریک انصاف کے ضلعی رہنما عبدالطیف ،جے یو آئی کے ضلعی جنرل سیکرٹری مولانا عبدالشکور ، پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر سید احمد خان ، اے این پی کے صدر مولانا عبداللطیف اور جماعت اسلامی کے نمایندوں کے علاوہ بڑی تعداد میں انتخابی امیدواروں اور پارٹی کارکناں نے شرکت کی ۔ قبل ازین سی ڈی پی کے کو آرڈنیٹر ابرش خان اور امین جان نے بلدیاتی الیکشن کی اہمیت اور طریقہ کار سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا ۔

]]>

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *