ارندو کے متاثرہ خاندانوں میں غذائی امداد تقسیم

چترال (بشیرحسین آزاد) پاکستان ریڈ کریسنٹ سو نے بین الاقوامی کمیٹی برائے ریڈ کراس کے تعاون سے ارندو، ضلع چترال لوئر میں متاثرہ اور بے گھر خاندانوں میں غذائی امداد کی تقسیم کا عمل مکمل کر لیا۔
حالیہ سرحدی کشیدگی اور نقل مکانی کے باعث پیدا ہونے والی انسانی ضروریات کے پیش نظر پی آر سی ایس نے آئی سی آر سی کے اشتراک سے مجموعی طور پر 2000 غذائی پیکجز 1000 مستحق خاندانوں میں تقسیم کیے۔ ہر پیکج میں بنیادی اشیائے خوردونوش شامل تھیں جن میں آٹا، گھی، چاول، چائے، چینی، کھجور، دالیں اور دیگر ضروری سامان شامل تھا۔
تقسیم کے عمل کی نگرانی ضلعی انتظامیہ نے کی، جبکہ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر دروش بلال ناصر، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر خلیل اللہ اور نائب تحصیلدار فتح عالم بھی موجود تھے۔
افسران نے پی آر سی ایس اور آئی سی آر سی کی بروقت انسانی امداد کو سراہتے ہوئے اس سرگرمی کے منظم اور شفاف انعقاد کی تعریف کی۔ اس موقع پر ہلال احمر خیبر پختونخواہ کے ڈائریکٹر آپریشن محمد اقبال، موومنٹ کوآپریشن اسپیشلسٹ آئی سی آر سی شاہد اقبال، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ڈی ایم این ایچ کیو عارف علی، ضلعی سیکریٹری چترال اعجاز الرحمن اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Latest