Chitral Today
Latest Updates and Breaking News

ثقافت کا احیاء/ سالغیریک/سنو فیسٹول

شیر ولی خان اسیر

اپر چترال میں ماہ حال کی سات تاریخ یعنی کل سے سنو فیسٹول منانے کا اہتمام ہوا ہے۔ اس کا کریڈٹ ضلعی انتظامیہ کو جاتا ہے۔ صحتمند سرگرمیوں کو ترقی دینا وقت کی آہم ضرورت ہے۔ہم اس قسم کے قابل ستائش اقدامات کا خیر مقدم کرتے ہیں۔
اس نئی سرگرمی کے آغاز پر ہم اپر چترال کی ضلعی انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور امید رکھتے ہیں کہ ضلعی انتظامیہ اپر چترال اور لوئر چترال ہماری قدیم ثقافتی تقریبات کی احیاء کی طرف بھی توجہ دیں گے۔
بالائی چترال میں دو قدیم تہوار بڑے زور شور اور جذبے کے تحت منائے جاتے تھے۔ پہلا سالغیریک اور دوسرا پھندک / غاریوغ)۔ سال کا آغاز “سالغیریک” کے تہوار سے ہوا کرتا تھا۔ یہ تہوار فروری کے وسط میں منعقد ہوتا تھا۔ لوٹکوہ میں آج بھی یکم فروری کو “پھاتک” کے نام سے یہ تہوار منایا جاتا ہے۔ بدقسمتی سے اپر چترال میں گزشتہ تین ساڑھے تین دھائیوں سے سال غیریک کو ترک کیا گیا ہے حالانکہ یہ بلا امتیاز مذہب کھو قوم کا تہوار تھا۔ اس کی جگہ 21 مارچ کو نوروز منایا جاتا ہے۔ میرے علم کے مطابق اس قومی تہوار کی حوصلہ شکنی کرنے میں اسمعیلی کونسل اور طریقہ بورڈ پیش پیش رہے جو ان کی بہت بڑی غلطی تھی۔ اسمعیلی مسلمانوں کے امام پرنس کریم آغاخان علاقائی ثقافتوں کی ترقی اور حفاظت کے معاملے میں ہمیشہ سنجیدہ رہے ہیں۔
یہ بات ذہن نشین ہونی چاہیے کہ نوروز کو شیعہ اسلام کا تہوار مانا جاتا ہے۔ تاریخی لحاظ سے یہ تہوار ایرانیوں کا قومی تہوار ہے۔ ہمارے کھو تہوار سالغیریک کو نوروز کے ساتھ نتھی کرنا مذہبی اہلکاروں کی بڑی ناسمجھی کا نتیجہ ہے۔
سنو فیسٹول کے انعقاد کے موقعے پر میں ضلعی انتظامیہ اپر چترال اور علاقے کے ثقافت دوست حضرات سے درخواست کروں گا کہ اگلے سال اس فیسٹول کو سالغیریک کے نام سے منا کر آپنی ثقافتی روایات کا احیا کریں۔ فی الحال بونی، وریجون، موژگول، موردیر، کوشٹ، چارون اور جنالی کوݯ کی ماں بہنیں اپنے گھروں کی صفائی کرکے ( سوئی دیتی)، سجاکر ہمارا روایتی طعام “ݰوݰپ” پکائیں اور سنو فیسٹول منانے والوں کو کھلائیں۔ اپنی روایت کا احیاء ہوگا اور برف میں کھیلنے والوں کو یہ گرم خوراک کھلا کر ثواب بھی حاصل کریں گے۔ اسے کہتے ہیں ہم خورمہ ہم ثواب!

You might also like

Leave a comment

error: Content is protected!!