Chitral Today
Latest Updates and Breaking News

ڈی ایچ کیو ہسپتال میں ٹیلی میڈیسن سہولت کا آغاز

چترال(بشیرحسین آزاد) ڈی ایچ کیو ہسپتال چترال میں ٹیلی میڈیسن سہولت کا باقاعدہ آغاز ہوگیا جس سے مریضوں کی دوسرے اضلاع میں جاکرعلاج کرنے کے بجائے وقت اور خطیر رقم کی بچت ہوگی۔
ہفتہ کے روز ڈی ایچ کیو ہسپتال چترال میں ٹیلی میڈیسن کے بارے میں ایک مختصر تقریب منعقد ہوئی جس میں میڈیکل افیسرڈی ایچ کیو چترال ڈاکٹر شمیم، ٹیلی میڈیسن فوکل پرسن ڈاکٹر ضیاء اللہ خان، انچارچ ٹیلی میڈیسن ڈی ایچ کیو چترال سلطان محمد، ڈینٹل سرجن ڈاکٹرعبدالقاسم اور دیگر موجود تھے۔
اس موقع پر ایم ایس ڈاکٹر شمیم نے کہا کہ ٹیلی میڈیسن سروس کووڈ 19کی وباء کے دوران ڈاکٹر اور مریض کو محفوظ طریقے سے آن لائن رابطہ فراہم کرتی ہے۔صوبائی محکمہ صحت کے احکامات سے ڈی ایچ کیو ہسپتال چترال کے ڈاکٹرز نے پولیس ہیڈکوارٹر ہسپتال میں بیٹھے ہوئے ڈاکٹروں کے تعاون سے ڈاکٹر اور مریضوں کے رابطوں کوآسان بنانے کے مقصد سے ٹیلی میڈیسن کا آغاز کیا ہے جوکہ آن لائن مشاورت اورنجی اورمحفوظ طریقے سے مریضوں کے میڈیکل ریکارڈز شیئر کرنے میں مدد دیتی ہے۔
فوکل پرسن ٹیلی میڈیسن ڈاکٹر ضیاء اللہ خان نے اس سہولت کے بارے میں تفصیلی پرزنٹیشن دیتے ہوئے کہا کہ ٹیلی میڈیسن کی چترال میں اجراء کی وجہ سے مریضوں کو اپنے ضلع میں بیٹھ کر علاج کی تشخص کی سہولت میسر ہوگی۔چترال میں ماضی میں پیچیدہ کیسوں کے مریضوں کو پشاور ریفر کیا جاتا تھا جس میں مردعورت، بوڑھے اور بچے شامل ہوتے تھے جن کا وقت کے ضائع کے ساتھ ساتھ خطیر رقم بھی خرچ ہوتے تھے جبکہ کئی کیسوں میں سفر میں مشکلات کے باعث مریضوں کی جان بھی چلی جاتی تھی اس آن لائن سہولت کی وجہ سے مریض کی جان بچانے میں مددملنے کی کافی چانسسز موجود ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ چترال میں اکثر امراض قلب، جلدی امراض،کان، گلے اور امراض چشم کے بہت سے پیچیدہ کیسز آتے ہیں اور بہت سے مریضوں کو پشاور ریفر کیاجاتا تھا اب مریض کو ٹیلی میڈیسن کی سہولت سے گھر بیٹھے علاج میسر ہوگی،
آن لائن سہولت کے ذریعے ڈاکٹرز مریضوں کی پری اسکریننگ کرسکتے ہیں، براہ راست ون ٹو ون سیشنز کے ذریعے ان کی جانچ کرسکتے ہیں اور ڈاکٹر ادویات تجویز کرینگے اوراُنہیں مزید علاج کا مشورہ دینگے۔اُنہوں نے کہا کہ اس علاج پر کوئی اضافی خرچہ نہیں آئیگا جو اوپی ڈی کا خرچہ ہے وہی آئیگا۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ فیمل مریضوں کے لئے بھی سینئر ٹیکنیشن کی سہولت ڈی ایچ کیو ہسپتال میں موجود ہیں جو کہ ای سی جی کے ساتھ الٹراساونڈ بھی کریگی۔
اُنہوں نے کہا کہ چترال میں اکثر ادویات کی نایابی کی وجہ سے مریضوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا تھا جو کہ چترال میں عالم انٹرپرائز کے سی ای او فخرعالم نے مسئلہ حل کرکے ادویات کی دستیابی کو یقینی بنایا ہے۔
انچارج ٹیلی میڈیسن چترال سلطان محمد نے ٹیلی میڈیسن کے لئے مہیاکیے جانے والے آلات کے بارے بتاتے ہوئے کہا کہ ٹیلی میڈیسن کے سہولت کو مفید بنانے کے لئے ڈی ایچ کیو ہسپتال چترال میں جدید آلات نصب کیے گئے ہیں سسٹم کو مفید بنانے کے لئے نیٹ اور بجلی کی بلاتعطل سروس جاری رکھنے کا بھی بندوبست کیا گیا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ مریضوں کو ایک دن پہلے ڈاکٹرز کے لئے نمبر لینا پڑے گا اور یہ سہولت صبح آٹھ سے دوبجے تک جاری رہیگا۔
ٹیلی میڈیسن کے شیڈول کے مطابق پیر کے روز میڈیکل اسپشلسٹ امراض قلب،منگل کو امراض چشم،بدھ کو گائنی اسپشلسٹ،جمعرات کو اسکین اسپشلسٹ،جمعہ کو چلڈرن اسپشلسٹ اور ہفتہ کو ای این ٹی اسپشلسٹ مریضوں کا معائنہ کرینگے۔
You might also like

Leave a comment

error: Content is protected!!