Chitral Today
Latest Updates and Breaking News. Editor: Zar Alam Khan.

چترال میں کسان مارکیٹ قائیم کرنے کیلیے سروے شروع

چترال (محکم الدین) حکومت نے عوام کو سستی سبزیات اور میوہ جات کی فراہمی کو ممکن بنانے کیلئے کسان مارکیٹ متعارف کرنے کے اقدامات کا آغاز کیا ہے۔

اس سلسلے میں زمیندار اور عوام کے مابین براہ راست لین دین کو ممکن بنا نے کیلئے چترال میں بھی کسان مارکیٹ قائم کیا جا رہا ہے جس میں میڈل مین کا کوئی کردار نہیں ہو گا جو کسان اور مارکیٹ کے مابین رابطہ کار کے طور پر بھاری منافع کما کر بوجھ عوام اور کسان پر ڈال رہے ہیں۔

اس حوالے سے ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر چترال شہزاد، تحصیل میونسپل آفیسر مصباح الدین اور ڈائریکٹر ایگریکلچر رفیق احمد نے نیو آتالیق اڈہ کے احاطے میں مارکیٹ کے قیام کیلئے جگہ کا سروے کیا ہے جس میں مارکیٹ کیلئے شیلٹر وغیرہ کا انتظام کیا جائے گا۔ جگہ کا کرایہ حکومت برداشت کرے گا اور کسان (زمیندار) اپنے سبزیات اور پھل فروخت کریں گے جو مارکیٹ کے مقابلے میں کم ریٹ پر لوگوں کو دستیاب ہوں گے۔

ڈائریکٹر زراعت رفیق احمد نے کہا کہ چترال میں بڑی مقدار میں سبزیات اور پھل پیدا ہوتےہیں۔ لیکن کسانوں کی مارکیٹ تک رسائی نہ ہونے کے باعث اصل منافع میڈل مین حاصل کرتے ہیں اور کسان کو ان کی محنت کا صحیح معاوضہ نہیں ملتا جبکہ دوسری طرف عوام مہنگی سبزیات خریدنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس مارکیٹ کے قیام سے کسانوں کو اپنی محنت کا صحیح صلہ ملے گا جبکہ عوام کو تازہ سبزیات اور پھل اوپن ماکیٹ سے کم قیمت پر دستیاب ہوں گے۔

اس اقدام کو عوامی حلقوں نے سراہا ہے ۔ تاہم ان کا کہنا ہے کہ حکومت کی طرف سے اقدامات تو اٹھائے جاتے ہیں لیکن اس کو مستقل بنیادوں پر قائم رکھنے کی کوشش نہیں کی جاتی۔ نتیجتا تمام اقدامات کچھ عرصہ گزرنے کے بعد خودبخود ختم ہو جاتے ہیں۔

You might also like

Leave a Reply

error: Content is protected!!