Substitutes to plastic shopping bags distributed
ڈپٹی کمشنر چترال ارشاد سدھر نے مقامی لوگوں میں کپڑے کے تھیلے تقسیم کئے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جغور کے ویلج ناظم سجاد احمد خان کی کاوشوں کوسراہتے ہوئے انہیں دوسروں کے لئے قابل تقلید قرار دیا۔
انہوں نے سکول کے بچوں سمیت دوسرے لوگوں سے اس موقع پر وعدہ لیا کہ وہ پلاسٹک سے بنی ہوئی شاپنگ بیگز کی حوصلہ شکنی میں کردار ادا کریں گے اور مقامی دکانداروں سے یہ تھیلے قبول نہیں کریں گے۔ ڈی سی چترال نے کہاکہ اب کپڑے سے بنے ہوئے تھیلے چترال میں بھی تیار کئے جائیں گے تاکہ ان کی دستیابی عام ہونے کی وجہ سے ان کا استعمال بھی عام ہوجائے۔ انہوں نے کہاکہ چترال کی قدرتی حسن سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اسے بہترین ٹورسٹ ریزرٹ میں تبدیل کیا جائے گا اور صاف ماحول کے بغیر یہ ممکن نہیں ہوگا اور ہمیں پولی تھین بیگز سے مل کر نجات حاصل کرنا ہوگا۔
اس سے قبل مقامی لوگوں نے جغور گول میں پانی کے گزرگاہ ندی کے ساتھ گجر برادری کے گھروں سے پانی کو آلودہ اور ناقابل استعمال بنانے کی شکایت کی ،سڑکوں کے نزدیکی نالوں سے مسائل،ہنجگول روڈ کی کشادگی اورجغور گاؤں کے اندر بھی تجاوزات کی طرف توجہ دلائی جس پرڈی سی نے موقع پر موجود اے سی چترال کو ہدایت کردی کہ صورت حال کا جائزہ لے کر مناسب قدم اُٹھایا جائے۔ اس موقع پر جغورکے عوام نے وی سی ناظم سجاد احمد خان کی صفائی کے حوالے سے انتھک کوششوں اور بحیثیت چیرمین آل ویلج ناظمین فورم دوسرے ویلج کونسلوں میں کلین اینڈ گرین چترال کے حوالے سے کام کرنے پر ان کی خدمات کی تعریف کی۔ پروگرام میں اے سی عبدالاکرم،سکول ہیڈ ماسٹر منیراحمد،انجینئر فہیم جلال علاقہ معززین ،اساتذہ اور سکول کے بچوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔