داد بیداد
جب بھی تعلیم کا ذکر آتا ہے، لوگ سکول کا نام لیتے ہیں۔ کسی اور جگہ شاید یہ درست ہو، مگر خیبر پختونخوا کی سابق چترال ریاست میں ایسا نہیں ہے۔ چترال کی ریاست میں تعلیم مسجد کے راستے سے آئی۔ پہلے چترال کے نوجوانوں نے یار حسین صوابی اور پشاور سے ہندوستان تک سفر کیا، مساجد میں تعلیم حاصل کی، پھر مساجد میں امامت اور خطابت کے فرائض انجام دیئے۔ چترال کے نوجوانوں کو بلا کر اپنی مساجد میں ان کو رہائش اور خوراک کی سہولت فراہم کیئے۔ یہ نوجوان وقت کے ساتھ آگے بڑھ کر سیاسی شعور، سماجی بہبود، دینی تعلیم اور عصری تعلیم کے سفیر بن گئے۔
یہ بات ریکارڈ پر ہے کہ گہت موڑ کھو سے تعلق رکھنے والے مولانا محمد یوسف کی مسجد واقع جمکنی پشاور سے تین نابغہ روزگار شخصیات کو شہرت ملی، قاضی حضرت الدین اور قاضی محمد وزیر خان استارو ان کی مسجد میں ابتدائی کتاہیں پڑھنے کے بعد ہندوستان چلے گئے اور بڑے مدارس دیوبند، امینہ وغیرہ سے دینی علوم کی تکمیل کی۔ دونوں نے چترال واپس آنے کے بعد قضا کا عہدہ سنبھالا، نیز سیاسی بیداری کی تحریک اور الحاق پاکستان کے مطالبے میں نمایاں کردار ادا کیا۔ چترال کے وزیر تعلیم جناب شاہ نے ترپچ سے پشاور جا کر مساجد میں دینی اور عصری تعلیم حاصل کی۔ مولانا محمد یوسف کی مسجد واقع جمکنی میں ان کے زیر سایہ رہ کر ہائی سکول جمکنی سے میٹرک پاس کیا۔
اس قسم کی انفرادی مثالیں ہزاروں کی تعداد میں ملتی ہیں۔ بعض علماء کے نام نہیں ملتے، لقب ملتے ہیں۔ مولوی صاحب موری، مولوی صاحب کاری، مولوی صاحب شیشی، مولوی صاحب نشکو، مولوی صاحب مداک، مولوی صاحب اویر، مولوی صاحب قشقاری، مولوی صاحب ترپچ وغیرہ ناموں سے ان علماء کی شہرت ہے، جنہوں نے نوجوانوں کو دینی علوم، عصری علوم، صنعت و حرفت کی مہارتوں اور سیاسی بیداری میں اپنے خرچ پر بہتر اچھی تربیت دی۔ یہ نوجوان آگے جاکر سے چترال کی سماجی ترقی کا براول دستہ بن گئے۔
1938 سے 1952 تک چترال کے اندر عصری تعلیم کے سکولوں میں پڑھانے کے لئے 72 اساتذہ مڈل اور میٹرک پاس کرکے آئے تھے۔ وہ سب کے سب مسجدوں اور مدرسوں میں چترالی علماء کرام کی سرپرستی میں تعلیم کے زیور سے روشناس و آراستہ ہوئے۔ عبد القادر، عبد الحمید، امیر شاہ، بلور خان، غلام محمد، حبیب اللہ، حضرت اللہ، مصطفی کمال، محمد نزیر خان، عبد الرحمن، فیض الحسن، نور الامین اور ان کے ہم عصر اساتذہ کی پوری کھیپ مساجد اور علماء کی برکت سے تعلیم یافتہ ہوکر چترال آئی تھی۔
مسجد گنج علی خان کے موری استاد مشہور تھے، کاشکال میں ترپچ کے مولانا میر اعظم رحمہ، نو گرام کے مولانا سرفراز رحمہ، کریم پورہ میں قاری سیف الدین، نو تھیہ میں مولانا جمال الدین رحمہ، مسجد تار گھر صدر میں مولانا محمد اعظم شاگرام المعروف صدرو مولوی، مسجد بجلی گھر میں مولانا رحمت قدیر برینس والے چترال کے نوجوانوں کی سرپرستی کرتے تھے۔ کشم موڑ کھو کے مولانا فضل کریم کی بڑی شہرت تھی، حاجی دردانہ خان کٹہرا مسجد مہابت خان کا بڑا نام تھا۔
1969 کے بعد چترال کے حالات میں بہتری آنا شروع ہوئی، تاہم چترال کے نوجوانوں کو پشاور اور اس کے نواح و مضافات میں علماء کرام کی سرپرستی کی بدستور ضرورت رہی۔ اس دور میں مولانا عبد الرحیم بولدک بروز، مولانا عبید اللہ شہید زئیت، مولانا پیر محمد چشتی تریج، مولانا عبد الکبیر تریچ، مولانا فضل کریم رحہ المعروف منطقی استاذ کوشٹ، مولانا محمد گلاب کوشٹ، مولانا مجتبیٰ بروز، مولانا حضرت علی شاہ موڑ کھو، مولانا شیر حبیب ورینجون اور دیگر بے شمار علماء نے نوجوانوں کی سرپرستی کا فریضہ انجام دیا۔
علماء کرام نے چترال میں صرف تعلیمی انقلاب نہیں لایا، بلکہ سیاسی بیداری اور سماجی انقلاب میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ 1946 سے 1954 تک مولانا نور شاہدین، مولانا محمد عقیل، مولانا عبد الکریم، مولانا جمر وز خان، مولانا نورالعین اور قاضی صاحب نظام کے ہمراہ علماء کی پوری جماعت نے چترال میں انتظامی اصلاحات لانے اور بیگار کا خاتمہ کرنے کی کامیاب تحریک چلائی۔ ناروا ٹیکسوں کا خاتمہ ہوا، عوام کو حاکم، چارویلو جھاربو جیسے جابر عہدیداروں سے نجات ملی۔ انتظامی بورڈ کے تخت مشاورتی کونسل کے انتخابات ہوئے اور مشاورتی کونسل کے ذریعے ترقی کا راستہ ہموار ہوا۔
چترال مسلم لیگ علماء کرام کی جماعت تھی۔ انتخابات میں مسلم لیگ کو تمام حلقوں میں کامیابی ملی۔ چترال ٹاون کے حلقے صدر اعظم مولانا نور شاہدین ریکارڈ ووٹ لیکر کامیاب ہو گئے۔
علماء کی خدمات چترال تک محدود نہیں تھیں۔ ڈاکٹر خان کی وزارت کے دور میں جب پشاورکے جہانگیر پورہ بازاروں کو قحبہ خانوں سے خالی کیاگیا تو چترالی علماء نے ڈاکٹر خان کی وساطت سے چترال کے 43 کاریگروں کو دکانیں الاٹ کرائیں۔ یہ کاریگر بھی علماء کی مدد سے کاریگر بن چکے تھے۔ پھر علماء نے ان کو سرمایہ فراہم کرکے کاروبار میں مدد دی۔ پشاور کے قلب میں آج کا چترالی بازار علماء کرام کی مساعی جمیلہ کا نتیجہ اور پھل ہے۔
اس طرح لاہور کے جامعہ اشرفیہ میں مولانا عبد الرحیم رح اور کراچی میں بنوری ٹاؤن کے مولانا عبد القیوم، دارالعلوم کراچی کو رنگی کے مولانا ظاہر شاہ اور مدرسہ امام محمد کے قاری فیض اللہ چترالی نے ہزاروں نوجوانوں کی سرپرستی فرمائی۔
1969 کے بعد چترال کے نوجوانوں کو آزادی بھی ملی، سہولیات بھی مل گئیں۔ 1969 سے پہلے کا دور بہت تاریک تھا۔ اس دور میں علماء کرام نے اپنی مساجد کے ذریعے چترال کے نوجوانوں کو چترال سے باہر تعلیم حاصل کرنے کے جو مواقع دئیے، وہ مواقع کوئی اور نہیں دے سکتا تھا۔
یہ حسن اتفاق ہے کہ قاری فیض الللہ چترالی نے جترال کے دونوں اضلاع سے میٹرک کے بورڈ میں اول، دوم اور سوم درجہ حاصل کرنے والے طلباء اور طالبات کے لیے سرکاری اور نجی سکولوں کے الگ الگ شعبوں میں اقراء ایوارڈ کے نام سے 2003 میں سالانہ چار لاکھ روپے انعامات کاسلسلہ شروع کیاہے، جو 2026 تک 23 سالوں سے ے جاری ہے۔
بقول علامہ اقبال:
سفینہ برگ گل بنا لے گا قافلہ مور ناتواں کا
ہزار موجوں کی ہو کشاکش، مگر یہ دریا سے پار ہوگا۔

