Qaqlasht festival 2025 Kaghlasht festival 2025

جشنِ قاقلشٹ اختتام پذیر

اپر چترال (نمائندہ چترال ٹوڈے) — خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورزم ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام اپر چترال کے خوبصورت سیاحتی مقام قاقلشٹ میں جاری ہفتہ بھر کا جشنِ قاقلشٹ فیسٹیول رنگا رنگ تقریبات کے بعد اختتام پذیر ہو گیا۔

فیسٹیول کے دوران کرکٹ، فٹبال، والی بال اور مختلف ثقافتی کھیلوں کے مقابلے منعقد کیے گئے جنہیں ہزاروں کی تعداد میں مقامی اور غیر ملکی سیاحوں اور شائقین نے دیکھا۔

اتوار کو کھیلے گئے فائنل میچز میں فٹبال کا دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلہ جغور فٹبال کلب اور لائگر فٹبال کلب ہون کے درمیان ہوا، جس میں جغور کلب نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے چیمپئن شپ اپنے نام کی۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈپٹی کمشنر اپر چترال حسیب الرحمن خان خلیل تھے۔ ان کے ہمراہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، پولیس افسران، مختلف محکموں کے سربراہان، سیاسی و سماجی شخصیات، فیسٹیول کمیٹی کے ممبران اور بڑی تعداد میں شائقین موجود تھے۔

مہمانِ خصوصی نے کامیاب ایونٹ کے انعقاد پر ضلعی انتظامیہ، مقامی پولیس، لیویز، تحصیل میونسپل انتظامیہ، محکمہ صحت، ریسکیو 1122 اور دیگر اداروں کی خدمات کو سراہا اور کھیلوں کے فروغ میں ان کے کردار کی تعریف کی۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت کھیلوں کو فروغ دینے کے لیے سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو منشیات سے بچانے اور ان کی مثبت ذہنی و جسمانی نشوونما کے لیے کھیل سب سے مؤثر ذریعہ ہیں۔

تقریب کے اختتام پر کامیاب ٹیموں میں انعامات اور ٹرافیاں تقسیم کی گئیں جبکہ روایتی موسیقی اور ثقافتی رقص نے تقریب کو مزید دلکش بنا دیا۔

خیال رہے کہ پولو کا فائنل میچ، جسے \”کھیلوں کا بادشاہ\” کہا جاتا ہے، آئندہ چند روز میں قاقلشٹ میں کھیلا جائے گا، جس کا شائقین کو بے صبری سے انتظار ہے۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *