سرور کمال
آج کل پاکستانی سیاست میں موجودہ صوبوں کو چھوٹی انتظامی اکائیوں یا نئے صوبوں میں تقسیم کرنے کی بحث زور پکڑ رہی ہے۔ اس مکتبِ فکر کے حامیوں کا مؤقف ہے کہ بڑھتی ہوئی آبادی، انتظامی پیچیدگیاں اور وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم موجودہ نظام کو غیر مؤثر بنا چکی ہیں۔ تقریباً 25 کروڑ آبادی اور وسیع جغرافیائی خطوں پر مشتمل پاکستان کو آج بھی انہی چار صوبوں کے ذریعے چلایا جا رہا ہے، جو قیامِ پاکستان کے وقت موجود تھے۔ سوال یہ ہے کہ کیا اتنی بڑی آبادی کو صرف چار صوبائی دارالحکومتوں سے مؤثر انداز میں چلانا ممکن ہے؟
میرے نزدیک، زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے، نئے صوبوں یا انتظامی اکائیوں کا قیام ایک قابلِ غور ضرورت ہے، تاہم اس کا واحد آئینی اور جمہوری فورم پارلیمنٹ ہونا چاہیے۔ چترال، کوہستان، جنوبی بلوچستان اور دیگر دور دراز علاقوں کے عوام کو معمولی انتظامی امور سے لے کر تعلیم، صحت اور ترقیاتی منصوبوں تک رسائی کے لیے طویل فاصلے طے کرنے پڑتے ہیں۔ چھوٹی انتظامی اکائیاں فیصلہ سازی کو عوام کے قریب، اداروں کو زیادہ جوابدہ اور وسائل کی تقسیم کو علاقائی ضروریات سے ہم آہنگ بنا سکتی ہیں۔
تاہم، پاکستان کی تاریخ ہمیں 1955 کے ون یونٹ کا تجربہ بھی یاد دلاتی ہے، جب مغربی پاکستان کی تمام صوبائی اکائیوں کو ضم کرکے ایک انتظامی یونٹ بنایا گیا۔ اس کا مقصد مشرقی اور مغربی پاکستان کے درمیان سیاسی برابری پیدا کرنا تھا، لیکن اختیارات کے ارتکاز اور صوبائی خودمختاری کے خاتمے نے اسے متنازع بنا دیا۔ بالآخر، یکم جولائی 1970 کو ون یونٹ ختم کرکے سابقہ صوبائی حیثیت بحال کر دی گئی۔ یہ تجربہ واضح کرتا ہے کہ محض انتظامی نقشہ تبدیل کرنا کافی نہیں، بلکہ اختیارات، وسائل اور فیصلہ سازی کی منصفانہ تقسیم بھی ناگزیر ہے۔
یہاں ایک بنیادی سوال مقامی حکومتوں کے بااختیار ہونے کا بھی ہے۔ تمام بڑی سیاسی جماعتیں اقتدار کی نچلی سطح تک منتقلی کی بات تو کرتی ہیں، مگر عملی طور پر اختیارات اور وسائل وزیراعلیٰ اور صوبائی حکومتوں تک محدود رکھنا چاہتی ہیں۔ کسی کو برا لگے یا اچھا، سابق صدر جنرل پرویز مشرف کا بلدیاتی نظام نسبتاً زیادہ بااختیار تھا اور کئی شعبوں میں مؤثر انداز میں کام بھی کر رہا تھا۔ حقیقت یہ ہے کہ بااختیار مقامی حکومتیں جمہوریت کی اصل بنیاد ہیں۔ صوبوں کی تعداد بڑھانے کے ساتھ ساتھ ضلعی اور مقامی حکومتوں کو مالی و انتظامی خودمختاری دینا بھی ضروری ہے۔
صوبوں کی تقسیم کے سیاسی اثرات بھی غیر معمولی ہوں گے۔ پنجاب میں نئے صوبوں کے قیام سے انتخابی سیاست کا روایتی توازن تبدیل ہو سکتا ہے۔ ماضی میں پنجاب میں کامیابی حاصل کرنے والی جماعت عموماً وفاق میں حکومت سازی کی پوزیشن میں آ جاتی تھی۔ نئی انتظامی اکائیوں کی صورت میں علاقائی قیادت اور سیاسی ترجیحات ابھرنے سے وفاقی سیاست میں طاقت کا ارتکاز کم اور حکومت سازی کے لیے وسیع تر سیاسی اتفاقِ رائے کی ضرورت بڑھ سکتی ہے۔
اسی طرح، سندھ کی تقسیم پاکستان پیپلز پارٹی کے لیے ایک بڑا سیاسی چیلنج بن سکتی ہے۔ پیپلز پارٹی کی انتخابی قوت بڑی حد تک دیہی سندھ میں مرکوز ہے، جبکہ کراچی اور حیدرآباد جیسے شہری مراکز میں ایم کیو ایم اور تحریک انصاف کا بھی نمایاں سیاسی اثر و رسوخ ہے۔ اگر شہری سندھ کو الگ انتظامی حیثیت ملتی ہے تو صوبے کا موجودہ سیاسی توازن تبدیل ہو سکتا ہے اور پیپلز پارٹی کا سیاسی اثر و رسوخ مزید محدود ہونے کا خدشہ ہے۔
دنیا کے تجربات بھی اس بحث کو تقویت دیتے ہیں۔ بھارت میں چھتیس گڑھ کا قیام، جنوبی افریقہ میں صوبوں کی تعداد چار سے بڑھا کر نو کرنا، اور انڈونیشیا میں اختیارات کی مقامی سطح تک منتقلی اس کی مختلف مثالیں ہیں۔ ان تجربات سے ظاہر ہوتا ہے کہ انتظامی اکائیوں کی تشکیل حکمرانی کو عوام کے قریب لا سکتی ہے، تاہم ادارہ جاتی اصلاحات، مالی شفافیت اور مؤثر نگرانی کے بغیر نئی اکائیاں بھی مطلوبہ نتائج نہیں دے سکتیں۔
آخر میں، یہ سمجھنا ضروری ہے کہ صوبوں کی تقسیم کوئی جادوئی حل نہیں۔ ہمارا اصل مسئلہ کمزور جمہوری ادارے، انتخابی تنازعات اور اختیارات کی غیر منصفانہ تقسیم بھی ہے۔ 2018 کے انتخابات میں آر ٹی ایس کی ناکامی اور 2024 کے انتخابات میں فارم 47 کے تنازعات نے جمہوری نظام پر عوام کے اعتماد کو متاثر کیا ہے۔ ایسے کمزور اور نازک جمہوری ماحول میں صرف صوبوں کے نام اور انتظامی حدود تبدیل کرنے سے مسائل حل نہیں ہوں گے۔
میری رائے میں، پاکستان کو نئے صوبوں اور انتظامی اکائیوں کی ضرورت پر سنجیدہ پارلیمانی بحث کرنی چاہیے، لیکن اس کے ساتھ اختیارات کی حقیقی منتقلی، مضبوط مقامی حکومتوں، مالی خودمختاری اور شفاف جمہوری نظام کو بھی یقینی بنانا ہوگا۔ بصورتِ دیگر، ہم انتظامی نقشے تو بدلتے رہیں گے، مگر حکمرانی کے مسائل کے گرد دائروں کے سفر میں ہی بھٹکتے رہیں گے۔
Related:

