پریس ریلیز
اسلام آباد، 26 مئی 2026 — ہز ہائنس دی آغا خان نے آج اسلامی جمہوریہ پاکستان کی حکومت کی دعوت پر کیا گیاپاکستان کا سات روزہ سرکاری دورہ مکمل کیا۔
اس دوران انہوں نے اسلام آباد سے گلگت بلتستان اور چترال کے شمالی علاقوں کا دورہ کیا اور اسماعیلی کمیو نٹی کے افراد کے ساتھ ساتھ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے اعلیٰ حکام سے بھی ملاقاتیں کیں۔
پاکستان آمد پر نور خان ایئر بیس پر صدرِ پاکستان آصف علی زرداری اور خاتونِ اول آصفہ بھٹو زرداری نے ان کا استقبال کیا۔ بعد ازاں وہ ایوانِ صدر روانہ ہوئے جہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
صدر زرداری نے ان کے اعزاز میں سرکاری عشائیےکا اہتمام بھی کیا، جس میں وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف، نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار، چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر، سینئر وزرا، اراکینِ پارلیمنٹ اور سفارتی برادری کے نمائندوں نے شرکت کی۔
ہز ہائنس نے صدر زرداری کے ساتھ ایک دو طرفہ ملاقات بھی کی، جس میں انہوں نے پاکستان میں ترقیاتی اور انسانی ہمدردی کی سرگرمیوں کے لیے سے کے ڈی این کے عزم کا اعادہ کیا۔
اس کے بعد ان کے اعزاز میں وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف کی میزبانی میں ناشتے کا اہتمام کیا گیا، جہاں وزیر اعظم نے امن، استحکام اور ترقی کے لیے ہز ہائنس کے عزم کو سراہا۔وزیر اعظم نے ہز ہائنس کو پاکستان پوسٹ کی جانب سے جاری کیا گیا ایک یادگاری ڈاک ٹکٹ بھی پیش کیا، جو مرحوم ہز ہائنس آغا خان چہارم کی عالمی بصیرت، انسان دوستی اور پاکستان کے لیے خدمات کے اعتراف میں جاری کیا گیا ہے۔
ہز ہائنس 22 مئی کو گلگت بلتستان تشریف لے گئے، جہاں گورنر گلگت بلتستان اور سینئر سول و فوجی حکام نے ان کا استقبال کیا۔
تین روز کے دوران انہوں نے پاسو، ہنزہ، گلگت، گاہکوچ بالا اور طاوس میں منعقدہ اجتماعات میں اسماعیلی کمیونٹی کے افراد سے ملاقات کی۔انہوں نے اتحاد، زندگی بھر تعلیم کے حصول، خصوصاً لڑکیوں کی تعلیم، پرامن بقائے باہمی، اور پیشہ ورانہ و سماجی زندگی میں اخلاقی اقدار کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
مزید انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ہمارا ایمان توحید کے تصور، حضرت محمد ﷺ کے خاتم النبیین ہونے، اور صراطِ مستقیم پر ثابت قدم رہنے کی اہمیت پر مبنی ہے۔چترال، خیبر پختونخوا آمدپر گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی اور وزیر اعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے ہز ہائس کا استقبال کیا۔
اس موقع پر خیبر پختونخوا ہ اسمبلی کی ڈپٹی اسپیکر ثریا بی بی اور دیگر سینئر حکام بھی موجود تھے۔گورنر اور وزیر اعلیٰ کے ساتھ ملاقات کے دوران صوبے میں ترقی اور باہمی تعاون کے مزید مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ہز ہائنس نے پرواک اور گرم چشمہ میں اسماعیلی کمیو نٹی کے افراد سے بھی ملاقات کی۔ وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری نے اسماعیلی کمیونٹی کے رہنماؤں کے ہمراہ ایئرپورٹ پر ہز ہائنس کو رخصت کیا۔شیعہ امامی اسماعیلی مسلم برادری کے پچاسویں امام کا منصب سنبھالنے کے بعد یہ ہز ہائنس کا پاکستان کا پہلا سرکاری دورہ تھا۔ اس دورے نے اسماعیلی امامت اور پاکستان کی حکومت و عوام کے درمیان گہرے اور دیرینہ روابط کو مزید مضبوط کیا۔

