گرم چشمہ کے گاؤں یورجوغ میں گزشتہ ایک ماہ سے زمین مسلسل سرک رہی ہے۔

گرم چشمہ، یورجوغ میں زمین کے سرکنے کے باعث فوری ریلیف کی اپیل

گرم چشمہ کے گاؤں یورجوغ میں گزشتہ ایک ماہ زمین مسلسل سرک رہی ہے۔ گھروں میں گہری دراڑیں پڑ چکی ہیں اور علاقہ رہائش کے قابل نہیں رہا۔ فوکس کے تکنیکی رپورٹ بھی واضح طور پر بتاتی ہے کہ کسی بھی وقت بڑا حادثہ پیش آ سکتا ہے۔

اہلِ علاقہ کئی مرتبہ انتظامیہ، مقامی نمائندوں اور میڈیا تک اپنی آواز پہنچا چکے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر چترال سے براہِ راست ملاقات بھی ہو چکی ہے، مگر افسوس کہ اب تک حکومت یا ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کوئی ریلیف فراہم نہیں کیا گیا۔

مزید دکھ کی بات یہ ہے کہ متاثرہ خاندانوں کو جو خیمے دیے گئے ہیں، وہ بھی حکومت نے نہیں بلکہ صرف فوکس ادارے نے فراہم کیے ہیں — اور وہ خیمے بھی اسی خطرناک مقام پر لگائے گئے ہیں جہاں زمین پہلے ہی سرک رہی ہے اور اوپر سے بڑے بڑے پتھروں کے گرنے کا واضح خدشہ موجود ہے۔

نومبر کی شدید سرد راتوں میں، جب درجہ حرارت منفی تک پہنچ جاتا ہے، شیر خوار بچوں، خواتین اور بزرگوں کو خیموں میں رکھنا انتہائی بے حسی اور ناقابلِ قبول ہے۔ اس صورتحال میں اگر زلزلہ، بارش یا برف باری ہوئی تو جانی نقصان کا خطرہ بہت زیادہ ہے۔

ہم صوبائی حکومت، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں سے فوری مطالبہ کرتے ہیں کہ متاثرہ خاندانوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا جائے، مناسب رہائش، روشنی، خوراک، کمبل اور دیگر ضروری سہولیات فراہم کی جائیں۔

اگر آئندہ چند دنوں میں کوئی عملی قدم نہ اٹھایا گیا تو ہم متاثرہ خاندانوں کو لے کر ڈپٹی کمشنر آفس کے سامنے احتجاج کریں گے۔ کسی بھی ممکنہ جانی نقصان کی مکمل ذمہ داری حکومت اور انتظامیہ پر عائد ہوگی۔

نصرت الٰہی
صدر، لٹکوہ ڈیولپمنٹ فورم

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Latest