Chitral Today
Latest Updates and Breaking News

چترال ٹاون ہردور میں نظر انداز کیوں؟

چترال(بشیرحسین آزاد) چترال ٹاون اگرچہ دوضلعوں کا مرکزی مقام اور چترال لوئر کا ہیڈکوارٹر ہے مگر شہری سہولیات کے لحاظ سے گرم چشمہ، بنگ بالا، سوسوم اور مستوج کے برابر بھی نہیں، سرحدی علاقوں میں رابطہ سڑکیں قابل دید ہیں بجلی سستی ہے پینے کا صاف پانی ہرجگہ دستیاب ہے چترال ٹاون کی ایک لاکھ سے زیادہ آبادی بنیادی سہولیات کوترستی ہے۔

ناظمین اتحاد اور منتخب کونسلروں نے باربار حکومت کو توجہ دلائی ہے مگر شنوائی نہیں ہوئی۔2024ء کے انتخابات سے پہلے سیاست میں آنے کااعلان کرتے وقت موجودہ ایم پی اے فاتح الملک علی ناصر نے ٹاون کے چیدہ لوگوں کی میٹنگ بلائی اور اپنی سیاسی پارٹی کے ذریعے ٹاون کے سلگتے ہوئے مسائل کوحل کرنے کی پکی یقین دہانی کی تو عوام کو بیحد خوشی ہوئی تھی۔ فروری2024میں صوبائی اسمبلی کا ممبر منتخب ہونے کے بعد آپ کو ضلعی ترقیاتی مشاورتی کمیٹی(DDAC) کاچیئرمین منتخب کیا گیا ایم پی اے کے ترقیاتی فنڈ اور ٹی ایم اے کے ذریعے ٹاون کی رابطہ سڑکوں پرکام شروع کرنے کی امید تھی سال گذرگیا۔

زرگراندہ اورگولدور سمیت کسی بھی محلے کی رابطہ سڑک پرکام نہیں ہوا۔ گرمیوں کاموسم آتے ہی ٹاون کے اکثر محلوں میں پینے کے پانی کا مسئلہ پیدا ہوتاہے اس کے لئے متبادل واٹر سپلائی کاانتظام نہیں ہوا۔ ایک مشترکہ اخباری بیان میں چترال ٹاون کے ناظمین اور منتخب کونسلروں نے ایم پی اے سے د درخواست کی ہے کہ چترال ٹاون کی رابطہ سڑکوں کوترجیحی بنیادوں پرکشادہ اور پختہ کرنے کے لئے فنڈ مختص کرکے فرزند ٹاون ہونے کا ثبوت دیں۔

You might also like

Leave a comment

error: Content is protected!!