یہ ہے پاکستان
دھڑکنوں کی زبان
محمد جاوید حیات
اس بار23مارچ یوم پاکستان کی تقریبات کی تیاریوں کے سلسلے میں محکمہ تعلیم کی طرف سے بچوں میں ایک مقابلے کے لیے ارڈر آیا کہ بچے ایک پینٹنگ کے مقابلے میں حصہ لیں ۔پینٹینگ کا موضوع تھا ” یہ ہے پاکستان “ بچوں کو پاکستان کا خاکہ بنانا تھا خاکہ اپنی اپنی سوچوں کے مطابق بنانا تھاکہ ”یہ ہے پاکستان“۔
لازم تھا کہ کوٸی بچہ پاکستان کی خوبصورتی بیان کرتا کوٸی اس کا جعرافیہ خاکہ میں ڈالتا کوٸی اس کےشہروں اور دریاٶں جنگلوں کو پینٹ کرتا۔۔کوٸی اس کے مشہور مقامات کو ہاٸی لاٸٹ کرتا ۔۔مقابلے کے لیے انعامات کا اعلان تھا ۔پہلے نمبر پہ آنے والے کو 15،000روپے دوسرے نمبر پہ آنے والے کو 10،000روپے اور تیسرے کو 5،000 روپے دیۓ جاٸیں گے۔۔ میں نے بچوں کو اسمقابلے کے بارے میں بتایا۔۔دو دن بعد جماعت دہم کے دو بچے فیض اللہ اور سجالا ولی میرےدفتر آۓ اور چارٹ پر بنی پینٹنگ میری میز پہ رکھ کر خاموشی سے دفتر سے نکل گئے میں نے پینٹنگ کھولادیکھتا ہوں پینٹنگ میں واٹر کلر استعمال ہوا ہے پاکستان کا پورا نقشہ ہے صوبے الگ الگ ہیں شہروں کی بھی نشان دہی ہے۔۔۔لیکن ایک کلاس روم میں بندہ پڑھا رہا ہے ۔ایک جگہ مزدور اردگرد سے بے خبر کام میں لگے ہوۓ ہیں ۔ایک پہاڑ کو کاٹ کر راستہ بنایا جارہا ہے ایک بندہ ریڑھے بھر بھر کے ملبہ ہٹارہا ہے۔ ایک سرحد پہ ایک جوان بندوق سرحد سےباہر تانے کھڑا ہے ۔ایک کمرے میں قاضی عدالت کا کوٸی فیصلہ سنا رہا ہے مجرم سامنے سر جھکاۓ کھڑا ہے۔ ایک جگہ سڑک پہ جھاڑو دیا جارہا ہے ایک جگہ پودا لگایا جارہا ہے ۔میں دیکھتا رہا ۔اس خاکے میں ایک جیتی جاگتی زندگی تھی۔ ایک معیار اور دلچسپی نظر آتا تھا۔ میں نے بچوں کو واپس اپنے دفتر میں بلایا ۔کہا کہ بیٹا! اپنے بناۓ ہوۓ خاکے کو مجھے سمجھاٶ۔۔وہ سہم سے گئےپھر پوچھا۔۔سر! کیا سمجھاٸیں ۔۔۔میں نے پہلے اس کلاس روم پر انگلی رکھی پوچھا یہ کیا ہے ؟ انھوں نے مسکراتے ہوۓ کہا کہ سر!استاذ سبق پڑھا رہا ہے۔
ان کے لہجے میں ایک اعتماد کا خواب تھا کہ شاید استاذ کو ایسے انہماک سے پڑھانا چاہیۓ ۔۔اس سمے میں نے خود اپنے آپ کو یاد کیا کہ چالیس منٹ کے پریڈ میں میں دس منٹ بعد پہنچوں۔۔ دس منٹ پڑھانے میں گزاروں ۔۔۔پڑھاٸی بھی ڈھنگ کی نہ ہو ۔نہ مناسب تیاری ہو نہ محنت کا شوق ہو نہ سامنے بیٹھے ہوۓ بچوں کے مستقبل کا خواب ہو ۔نہ نۓ طریقہ تدریس ہو نہ مضمون پر عبور ہو ۔پھر مجھے کال آۓ میں باہر نکلوں دیر تک باتیں کروں گھنٹی بجے ۔بچے میرے سامنے خاموش کھڑے تھے ۔میں نے انگلی اس پہاڑ پہ رکھا جس میں سڑک بن رہی تھی اور ایک مزدور ریڑھے میں بھر کر ملبہ اٹھا کے لے جارہا تھا ۔۔۔میں نے کہا یہ کون ہے ؟ انہوں نے کہا سر ! یہ انجینئر ہے سر جب انجینئر شوق سے کام نہ کرے تو ”تعمیر“ کا خواب ادھورا ہے ٹھیکہ دار اور مزدور کام چور ہونگے بچوں کے لہجے پر اعتماد تھا ۔۔مجھے وہ کمیشن لیتے ہوۓ انجینئرز یاد آۓ ۔۔ان کی بڑی بڑی گاڑیاں۔۔۔ ان کا ساٸیڈ سے غاٸب رہنا ۔ٹھیکدار کی من مانیاں،ناقص مٹیرٸل ناقص انجینیرنگ اور تعمیر میں تخریب ۔۔۔میں نے جھٹ سے انگلی اس نوجوان پہ رکھی جو بندوق تانے کھڑا تھا ۔میں نے سوال نہیں پوچھا انہوں نے بھی کوٸی وضاحت نہیں کی ۔۔۔بس مجھے وہ نوجوان یاد آتے رہے جو روز وطن کی آبرو پہ قربان ہوتے رہتے ہیں۔
میں نے جھاڑو دینے والے پہ انگلی رکھی سجالا نے کہا سر! وطن گھر آنگن کی طرح ہوتاہے اس کی صفاٸی ہم سب کا فرض ہے ہم سب کے ہاتھ میں جھاڑو ہوں ۔میری انگلی رینگتی ہوٸی عدالت کے کمرے تک گئی۔۔فیض اللہ نے کہا سر! قوموں کو زندہ رکھنے کے لیے انصاف ضروری ہے وہ قومیں صفحہ ہستی سے مٹی جاتی ہیں جو ظلم کو شعار بناتی ہیں۔ میری عدالتیں بگولے بن کے میری آنکھوں میں تیرنے لگیں ۔بچوں کے خواب اور معصومیت پہ ترس آیا ۔میں نے اور سب چھوڑ کر اس ساٸکل والے پہ ہاتھ رکھا ۔۔تو فیض اللہ کے چہرے پر زہر بھری مسکراہٹ پھیل گئی۔۔۔کہا! سر! وزیراعظم کو ایسا ہوناچاہیے۔۔۔۔سر آپ نے ہماری انگریزی کی کتاب میں حضرت عمر رض کا سبق پڑھاتے ہوۓ کہا تھاکہ آپ گندم کی روٹی نہیں کھاتے تھے پوچھنے پر فرمایا ۔۔کہ کیا میری رعایا میں سب یہ روٹی کھاتے ہیں اگر کھاتے ہیں تو میں بھی کھاٶں۔۔میری آنکھوں میں آنسو تھے میں نے کھڑے ہوکر دونوں بچوں کے سروں پر ہاتھ رکھا کہا کہ بچوں تمہارا خاکہ تمہارے خوابوں والا پاکستان ہے یہ وہ خوابوں والی سر زمین ہے جس کا خواب ہمارے آبا و اجداد نے دیکھا تھا پھر وہ خواب چکنا چور ہو گئے ہیں۔۔
پھر مجھے وہ گھڑیاں، تین کروڑ کی ٹاٸریں وہ بیرونی دورے وہ جاٸیدادیں وہ اقربا پروریاں وہ دفتروں میں دھندے وہ کرپشن بد عنوانیاں وہ طوفان بد تمیزیاں، وہ گالم گلوج ،وہ ہر کہیں بے قاعدہ گیاں، وہ چمچوں کی من مانیاں ،وہ گندے ،وہ ناقص تعمیر ،وہ استاذ کی کوتاہیاں، وہ رشوت سب یاد آگئے میں دیر تک اس پینٹنگ پہ نظریں گاڑے بیٹھا رہا ۔۔اتنے میں کوٸی مہمان آیا سلام کرنے کی بجاۓ فرمایا ۔کیوں صاحب روزہ لگا۔۔ میں نے کھڑے ہوکر کہا اسلام علیکم۔۔۔۔۔میں نے پھر مہمان سے اجازت لےکے خاکے کی تصویر نکالی اور ڈی ای او کے پیچ پہ بھیج دیا اس یقین کے ساتھ کہ اس خاکے کو کوٸی دیکھےگا بھی نہیں یہ پاکستان نہیں خوابوں کا قرستان ہے ایسے معصوم خواب کٸ بار یہاں پہ دفن ہو چکے ہیں۔۔اس خاکے کو کوٸی دیکھےگا بھی نہیں ۔۔۔دوسرے دن دونوں بچے پھر میرے آفس آۓ اور کہا سر ۔۔۔اس پیچ پر سب خوبصورت جگہوں کی تصویریں نکال کر بنی بناٸی تصویریں بھیجی ہیں وہ ہاتھ سے کام ۔۔۔۔۔میں نے کہا بیٹا یہ پینٹنگ میں اپنے دفتر میں لگاٶں گا اور زیر لب اپنے آپ سے کہا ”یہ ہے پاکستان“۔