Chitral Today
Latest Updates and Breaking News. Editor: Zar Alam Khan.

پیناڈول کی پیداوار میں کمی کرنے کا اعلان

ملٹی نیشنل کمپنی گلاسکو اسمتھ کلین (جی ایس کے) نے پاکستان میں پیناڈول اور پیناڈول ایکسٹرا ٹیبلٹ جبکہ بچوں کے پیناڈول سیرپ کی پیداوار میں کمی کا اعلان کردیا۔

جی ایس کے نے اسٹاک ایکسچینج اور وزیراعظم سیکریٹریٹ کو خط کے ذریعے ادویات کی پیداوار میں کمی کے ساتھ موجودہ صورتحال سے تحریری طور پر آگاہ کردیا۔

کمپنی نے خطوط میں مطالبہ کیا ہے کہ پیناڈول کی قیمتوں میں اضافہ کیا جائے، پیناڈول کی تیاری میں استعمال ہونیوالے خام مال کی قیمتوں اضافے کی وجہ سے ادویات کی نئی قیمتوں کا تعین کیا جائے۔

لیٹر میں مزید کہا گیا ہے کہ ڈرگ پرائسنگ کمیٹی سمیت متعلقہ حکام کو خام مال کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق بارہا آگاہ کرچکے ہیں۔ واضح رہے کہ ڈرگ پرائسنگ کمیٹی نے پیناڈول کی قیمتوں میں اضافے کی سفارش کی تھی جسے وفاقی کابینہ نے مسترد کردیا تھا۔

ملک بھر میں پیناڈول ٹیبلٹ اور سیرپ کی بلیک میں فروخت جاری ہے، جس سے عوام کو شدید پریشانی اور مالی بوجھ کا سامنا ہے۔

جی ایس کے کی جانب سے جاری وضاحت بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ حالیہ عرصہ میں متعدد عوامل نے پیناڈول کی دستیابی کو متاثر کیا ہے، جن میں ادویہ سازی کے اہم جُز پیراسیٹامول کی قیمت میں مقامی اور انٹرنیشنل مارکیٹ میں ہونے والا اضافہ ہے، جس نے نے اینلجیسک کی کیٹیگری میں شامل درد کش ادویات بنانے والوں کو اپنی مصنوعات کی پیداوار میں کمی لانے یا پھر پیداوار بند کرنے پر مجبور کردیا۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ حکومت کو ارسال کردہ ایک خط کے ذریعے مطلع کیا ہے کہ کمپنی کیلئے پیناڈول کی پیداوار اور سپلائی ان حالات میں جاری رکھنا ممکن نہیں تاوقتیکہ قیمتوں کو مناسب سطح پر نہ لایا جائے۔

کمپنی کے ترجمان نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ حکومت نازک صورتحال کا حل نکالنے میں کامیاب رہے گی تاکہ ہم پاکستان کے عوام کی صحت کی بہتری کیلئے اپنی مصنوعات کی ترسیل جاری رکھ سکیں۔

You might also like

Leave a Reply

error: Content is protected!!