Chitral Today
Latest Updates and Breaking News

کالاش قبیلے کے سال کا اخری تہوار اختتام پذیر

چترال (محکم الدین) ساڑھے تین ہزار سال قدیم تہذیب کے حامل کالاش قبیلے کے سال کا اختتامی سرمائی معروف تہوار چترمس ( چوموس) منگل کی شام برون ڈانسنگ پلیس بمبوریت میں ڈھول کی تھاپ پر مردو خواتین کے رقص کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔
وادی میں منفی 12ڈگری سنٹی گریڈ سردی کے باوجود پہلی مرتبہ کالاش سرمائی فیسٹول میں ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کی بہت بڑی تعدادنے شرکت کی ۔ جو کہ سیاحوں کیلئے انوکھی تفریح تھی۔ منگل کی صبح جب بتریک گاوں میں حسب روایت لومڑی کی تلاش کی رسم سے تہوار کا آغاز ہوا تو فائرنگ کی گن گرج سے وادی گونج اٹھی۔ بالاخر لومڑی تلاش کر لی گئی اور آنے والے سال کو کالاش برزگوں نے نیک شگون قرار دیا۔
کالاش مذہب میں لومڑی بازیابی کو نیک شگون اور عدم بازیابی کو بد شگونی قرار دیا جاتا ہے۔ تہوار کے مرکزی مقام برون ڈانسنگ پلیس ( چھارسو) میں آخری رقص سے پہلے گاوں گاوں میں روایتی کھانے تیار کئے گئے اور خشک میوہ جات  کے ساتھ روایتی کھانے مہمانوں اور رشتے داروں میں تقسیم کئے گئے۔ اس دوران لڑکے لڑکیوں نے ٹولیوں کی شکل میں باہوں میں باہیں ڈال کر رقص کیا ۔ اور تہوار کے گیت گائے۔
بعد ازان مین چھارسو پہنچے تو وہاں تل دھرنے کو جگہ نہیں تھی۔ اس دوران ایس او پیز کا نام و نشان تک نہیں دیکھا گیا۔ کالاش رقص میں ایک دوسرے کے گلے میں ہاتھ ڈال کر رقص کرنے کا رواج ہے ۔ اس لئے کرونا ایس او پیز پر مکمل عمل کرنا کسی حد تک ممکن نہیں ہوتا ۔ برون ڈانسنگ پلیس میں نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں نے رقص کے مختلف کرتب دیکھائے جن میں لڑکوں کا لڑکیوں کا اور لڑکیوں کا لڑکوں کا لباس پہن کر ڈانس قابل دید تھا ۔ جبکہ اس دوران کالاش بزگوں نے اپنے اسلاف کے کارنامے بیان کئے۔
تہوار کے موقع پر معاون خصوصی وزیر اعلی خیبر پختونخوا برائے اقلیتی امور وزیر زادہ، کمشنر ملاکنڈ ڈویژن سید ظہیرالاسلام شاہ، ڈپٹی کمشنر چترال ثاقب، ڈی پی او عبد الحئی بھی موجود تھے۔
وزیر زادہ نے اس موقع پر  حکومت خیبر پختونخوا  اور پوری اقلیتی برادری کی طرف سے کالاش قبیلے کو مبارکباد دی اور کہا کہ کالاش برادری کی پسماندگی دور کرنے اور مسائل حل کرنے کے لئے ان کی کوششوں سے وزیر اعلی خیبر پختونخوا نے کئی منصوبوں کی منظوری دی ہے جن پر کام جاری ہیں۔ انہوں نےکہا کہ کالاش کی ترقی کیلئے کالاش ویلیز ڈویلپمنٹ اتھارٹی قائم کی گئی ہے۔
اس ادارے کا قیام  کالاش کی ترقی کیلئے سنگ میل ثابت ہو گا۔  کالاش تہوار چوموس ہر سال 7دسمبر کو شروع ہوکر 22دسمبر کو اختتام پذیر ہوتا ہے اور یہ کالاش قبیلے کا سب سے بڑا تہوار ہے جو مسلسل کئی دنوں تک جاری رہتا ہے اور اس دوران روزانہ کی بنیادپر تہوار کے مختلف رسومات انجام دیے جاتے ہیں۔
You might also like

Leave a Reply

error: Content is protected!!