Chitral Today
Latest Updates and Breaking News

جماعت اسلامی لوئر چترال کا ہفتہ یکجہتی غزہ منانے کا اعلان

چترال (بشیر حسین آزاد) – جماعت اسلامی ضلع لوئر چترال نے فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے “ہفتہ یکجہتی غزہ” منانے کا شیڈول جاری کردیا ہے، جس کا مقصد اسرائیل کی جانب سے نہتے فلسطینیوں پر جاری مظالم کو عوام کے سامنے اجاگر کرنا ہے۔

چترال پریس کلب میں اتوار کے روز ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی لوئر چترال، وجیہ الدین نے پارٹی کے دیگر رہنماؤں شجاع الحق بیگ، قاری فدا محمد، پروفیسر حسام الدین، انجینئر فصیح الدین، افتخار الدین، عرفان عزیز اور یاسر اسد کے ہمراہ کہا کہ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی ہدایت پر ضلع بھر میں مختلف پروگراموں کا انعقاد کیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ اس مہم کے تحت جلسے، جلوس، یوتھ کنونشن، مزاحمتی شاعری پر مبنی مشاعرہ، علمائے کرام اور طلبہ کے کنونشنز، بار ایسوسی ایشن کے ساتھ ملاقات، چترال شہر میں گرینڈ مارچ اور ہفتے کے آخر میں اسلام آباد میں ملین مارچ کی تیاری شامل ہے۔ اگلے جمعہ کو ضلع کے 30 مقامات پر بیک وقت جلسے منعقد کیے جائیں گے۔

وجیہ الدین نے کہا کہ تاجر برادری کے لیے بھی خصوصی پروگرام ترتیب دیے گئے ہیں، جن میں انہیں اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ کی اہمیت سے آگاہ کیا جائے گا تاکہ اسرائیل کی معیشت کو نقصان پہنچایا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ 25 مارچ کو جنگ بندی کے خاتمے کے بعد اسرائیل نے اب تک 1,563 فلسطینیوں کو شہید کیا ہے، جبکہ مجموعی طور پر شہداء کی تعداد 60 ہزار تک پہنچ چکی ہے، جن میں بڑی تعداد معصوم بچوں کی ہے۔ لاکھوں افراد زخمی ہیں لیکن عالمی برادری اور مسلم امہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔

وجیہ الدین نے کہا کہ ان حالات میں جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے امت مسلمہ کو بیدار کرنے کے لیے ملک گیر تحریک کا آغاز کیا ہے، جس کا اہم سنگ میل 20 اپریل کو اسلام آباد میں ہونے والا تاریخی ملین مارچ ہوگا۔ اس مارچ کے ذریعے عالمی برادری کو پیغام دیا جائے گا کہ پاکستان کے عوام فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

انہوں نے حکومت پاکستان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکمران طبقہ امریکہ کی غلامی میں جکڑا ہوا ہے اور فلسطین پر جرات مندانہ مؤقف اپنانے کی ہمت نہیں رکھتا۔

وجیہ الدین نے جن 30 علاقوں میں جلسوں کا اعلان کیا ان میں عشریت، ارندو، دروش، جنجریت، کسیو، شیشی کوہ، بروز، ایون، بریر، چمرکن، ژوغور، دنین، سنگور، کوغوزی، برنس، مروئے، کالکٹک، پرئیت، گرم چشمہ اور چترال شہر شامل ہیں۔

You might also like

Leave a comment

error: Content is protected!!