خیبرپختونخوا میں ایک اور ضلع کا اضافہ
خیبرپختونخوا حکومت نے عوامی مطالبے پر جنوبی وزیرستان کو دو حصوں میں تقسیم کردیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق جنوبی وزیرستان کو دو اضلاع میں تقسیم کر دیا گیا ہے جنہیں جنوبی وزیرستان اپر اور جنوبی وزیرستان لوئر کا نام دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق جنوبی وزیرستان اپر دو سب ڈویژنز سرواکئی اور لدھا پر مشتمل ہوگا، اسپنکئی راغازئی کو نئے تشکیل شدہ اپر ڈسٹرکٹ کے ہیڈ کوارٹر کے طور پر نوٹی فائی کر دیا گیا ہے۔
تیرزا، سرواکئی، شوال، لدھا، مکین، شکتوئی اور سراروغہ کو جنوبی وزیرستان اپر میں تحصیل کا درجہ دیا گیا ہے اور ضلع جنوبی وزیرستان لوئر کا ہیڈکوارٹرز وانا کو قرار دیا گیا ہے۔
صوبائی ترجمان کا کہنا ہے کہ جنوبی وزیرستان کو بہترین انتظامی امور اور ترقی کیلئے 2 اضلاع میں تقسیم کیا گیا ہے۔ جنوبی وزیرستان کی تقسیم کے بعد اب خیبرپختونخوا میں 36 اضلاع ہوگئے ہیں۔