کریم آباد (نمائندہ چترال ٹوڈے) تحریک لوٹ کوہ کی تیسری اہم میٹنگ آج کریم آباد میں منعقد ہوئی جس میں وادی لوٹ کوہ کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے ناظمین، معتبرات، عمائدین اور عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اجلاس کا مقصد گرم چشمہ روڈ کی زبوں حالی اور اس کی فوری بحالی کے لئے ایک مؤثر حکمت عملی طے کرنا تھا۔
سرپرست تحریک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گرم چشمہ روڈ دہائیوں سے بدترین حالت میں ہے، اور اس کی بحالی وادی لوٹ کوہ کے تمام علاقوں کی ترقی کے لئے ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے پاس مسائل کے حل کی صلاحیت موجود ہے لیکن اس کے لئے عوام کو آواز بلند کرنی ہوگی۔
تحریک کے صدر نصرت الہی نے زور دے کر کہا کہ تحریک کسی سیاسی نظریے کی نمائندگی نہیں کر رہی بلکہ علاقائی حقوق اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقائی تقسیم کی سازشوں کو ناکام بنا کر وادی کے تمام باسیوں کو متحد ہونا ہوگا تاکہ قدرتی وسائل سے فائدہ اٹھایا جا سکے۔
سابق ناظم محمد یعقوب، چیئرمین کریم، چیئرمین نوروز، چیئرمین سرفراز، جنرل سیکریٹری علاؤالدین حیدری، ایڈوکیٹ شیرین خان اور دیگر مقررین نے بھی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے تحریک کے مقاصد کی بھرپور حمایت کی۔ مقررین نے کہا کہ ترقی کی بنیاد بہتر سڑکوں کی دستیابی ہے اور گرم چشمہ روڈ کی تعمیر پورے علاقے کے لئے زندگی اور ترقی کا مسئلہ ہے۔
مقررین نے شرکاء پر زور دیا کہ وہ اپنے حق کے لئے ہر فورم پر آواز بلند کریں اور تحریک کی کامیابی کے لئے مستقل مزاجی کے ساتھ محنت کریں۔ آخر میں، تمام شرکاء نے تحریک کی کامیابی کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کا عہد کیا۔

