articles in Chitral Today

تشخیص ضروری ہے

نوائے سُرور

شہزادی کوثر

“جس کا دل بیمار ہے، وہ کبھی خوش نہیں رہ سکتا۔” یہ ایک سوچ ہے جو ہماری شخصیت کو بدلنے میں کردار ادا کرتا ہے۔ اپنے آپ کو سنوارنے اور اس سوچ کو بدلنے کے لیے کچھ باتیں ہمیں اپنانا پڑیں گی۔ صبح اٹھ کے سب سے پہلے خود کو یہ بتانا ضروری ہے کہ کسی کے برے روئیے سے ہم نے اپنے موڈ اور مزاج کو خراب نہیں ہونے دینا۔ ہماری سوچ کا اختیار ہمارے پاس ہی ہوتا ہے اور ہونا بھی چاہیئے، لیکن بہت سے معاملات میں یا شاید تمام معاملات میں ہم نے دوسروں پر یہ ذمہ داری ڈال رکھی ہے کہ ہماری سوچ کے زاوئیے کو بدلیں۔ ایسے میں اوروں کے روئیے کا اثر خود پر زیادہ ہی شدت سے پڑنے دیتے ہیں۔

مثلاً کسی نے کوئی غلط بات کی اور ہم آپے سے باہر ہوگئے۔ کسی نے ہمارے کام پر نکتہ چینی کی اور ہم فوراً رد عمل دینے پر آمادہ ہو گئے اور زبان سے ایسا کچھ نکل گیا جو آپس میں معاملات کو کشیدہ کرنے لگا، آپس میں خلیج پیدا ہونے لگی اور ہم لوگوں سے دور ہونے لگے۔ کسی نے ہماری بات سے اختلاف کیا اور ہمارا پارہ چڑھنے لگا۔

اصل بات یہ ہے کہ دو افراد کے درمیان ہمیشہ اتفاق ہونا ضروری نہیں ہے۔ اختلاف اور سوچنے کا فرق ہی شخصیت کے مختلف گوشوں کو ظاہر کرتا ہے۔ اگر میں کسی بات کو درست سمجھ کے کر رہی ہوں تو یہ بالکل ضروری نہیں کہ سامنے والا بھی اسے درست سمجھ رہا ہو۔ اس کی رائے، نقطہ نظر اور سوچنے کا انداز ہم سے مختلف ہوتا ہے، لیکن ہم اس بات کو سمجھنے کے اہل نہیں ہوتے۔ جو بات میں کہوں وہی درست ہے، سامنے والا غلط ہے، ایسا ہو ہی نہیں سکتا۔

ہر انسان اپنی ذات میں منفرد ہوتا ہے۔ جس طرح اس کی صورت اور شخصیت مختلف ہے، اس طرح اس کی سوچ، تصورات دوسرے سے الگ ہیں۔ یہ بھی ہو سکتا ہے کہ وہ اپنے تجربات کی بنیاد پر اس پہلو کو دیکھ رہا ہو جو ہماری نظروں سے اوجھل ہو یا ہماری سمجھ سے باہر ہو۔ اس لیے دوسرے کی رائے اگر غلط بھی ہو تو قبول کرنے میں کوئی حرج نہیں۔ فوراً جب ہم ان کے خیالات کو رد کر کے اپنی بات دہرانے لگتے ہیں تو کشیدگی بڑھنے کا خدشہ رہتا ہے۔

اگر ہم نے سامنے والے کے خیالات کو خود پر حملہ تصور کیا تو ہم نے اپنی زندگی کا کنٹرول دوسرے کے ہاتھ میں دے دیا۔ نتیجتاً ہمارا دل بیمار پڑنے لگا اور ہم خوشی سے دور ہوتے گئے۔ سامنے والے کا رویہ پل بھر کو ٹھیک ہو گیا تو ہم خوش، ورنہ دکھی۔ گویا زندگی کا انحصار ہی اس شخص پر ہوگیا جو ہم سے اختلاف رائے رکھتا ہے۔ ایسے میں ہر کام کو تقدیر سمجھا جانے لگتا ہے کہ قسمت میں ہو گی تو خوشی ملے گی، ورنہ نہیں۔

ذہنی آسودگی اور خوشی کو ہم خود ہی اپنے ذمے لے کر زندگی کو پُر سکون بنا سکتے ہیں۔ کوئی کیسا ہی بُرا انداز اپنائے، ہمیں پُرسکون رہ کر اس کی بات کا جواب دینا ہے۔ اس میں یہ بھی دیکھنا ہوتا ہے کہ ہر بات جواب کی مستحق نہیں ہوا کرتی، ہر ایک کو جواب دینا بھی نہیں ہوتا۔ کس کو کتنا جواب دینا ہے، کب اور کیسے دینا ہے، اس کا فیصلہ بھی ہم نے خود ہی کرنا ہے۔

تعلقات کی مضبوطی کے لیے بعض باتوں کو نظر انداز کرنا پڑتا ہے۔ کسی کے برے روئیے سے ہمیں اپنی زندگی برباد نہیں کرنی، بلکہ اپنے اچھے روئیے اور مثبت سوچ سے اس پر غالب آنے کی کوشش کرنی ہے۔ ہو سکتا ہے کہ اچھی سوچ کسی کے مزاج کی تلخی، رد عمل کی تندی اور منفی سوچ کو بدلنے میں کارگر ثابت ہو، کیونکہ مثبت سوچ میں اتنی طاقت تو یقیناً ہوتی ہے کہ انسان کی تلخی کو دور کر دے۔ اگر برائی کا جواب ہم نے بھی بُرائی سے دیا تو ہم ہار گئے۔

ایک اچھی کوشش عمل کو مستحکم کرتی ہے۔ غصہ آنا انسانی کمزوری ہے۔ یہ کسی کے عمل اور بات سے ہمارے اندر پیدا نہیں ہوتی، بلکہ یہ پہلے سے ہمارے مزاج کا حصہ ہوتا ہے۔ اگر کوئی بات ہمارے غصے کو ابھارنے لگی ہے تو اس کا مطلب ہے کہ ہمارا ظرف خالی تھا۔ ہم نے اسے سوائے غصے کی ڈائنامائٹ کے کسی اچھی چیز سے نہیں بھرا، اس لیے تھوڑی سے رگڑ سے ہی اندر دھماکا ہوا۔ کوئی بات سماعتوں سے ٹکراتے ہی من کی چنگاریوں کو ہوا دینے لگی۔ اس آگ سے کسی اور اتنا نقصان نہیں ہوتا جتنا خود کو پہنچتا ہے۔

اس کا مطلب یہ تو نہیں کہ ہم غیر صحت مند ہیں، ہمارا دل بیمار ہے۔ اپنی خطاؤں پر جب دوسرے ہی قصوروار نظر آئیں تو بیماری خود میں ہی ہوتی ہے، جس کی تشخیص ناگزیر ہے۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Latest