چترال قتل کیس میں پیش ہونے والے وکلا

چترال: قتل کیس میں چار ملزمان کو عمر قید کی سزا

چترال (بشیر حسین آزاد) ایڈیشنل سیشن جج لوئر چترال آدم خان سلیمان خیل نے ظاہر الحق قتل کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے چار ملزمان کو عمر قید کی سزا سنا دی۔

عدالت نے ہر ملزم کو مقتول کے قانونی ورثاء کو دو لاکھ روپے معاوضہ ادا کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔ عدم ادائیگی کی صورت میں ہر مجرم کو مزید چھ ماہ قیدِ سادہ بھگتنا ہوگی۔

تھانہ آیون میں درج مقدمہ علت نمبر 40/24 کے مطابق شالیدین کے رہائشی ظاہر الحق ولد محمد رحیم کو گہیریت شیڑی کے مقام پر قتل کیا گیا تھا، جسے مبینہ طور پر خودکشی کا رنگ دینے کی کوشش کی گئی تھی۔ مقتول کے بھائی طاہر خان کی مدعیت میں دفعہ 302 تعزیراتِ پاکستان کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

عدالت نے مقدمے کے شواہد اور وکلاء کے دلائل کا جائزہ لینے کے بعد نورینہ بی بی، سلام بی بی، سعید حکیم خان اور گل نسا کو دفعہ 302/34 تعزیراتِ پاکستان کے تحت قتل کا جرم ثابت ہونے پر عمر قید بطورِ تعزیر کی سزا سنائی۔

عدالت نے ملزمان کے ضمانتی مچلکے منسوخ کرتے ہوئے انہیں تحویل میں لے کر سنٹرل جیل چترال منتقل کرنے کا حکم بھی دیا۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Latest