چترال (بشیر حسین آزاد)
دنیا کے بلند ترین پولو گراؤنڈ میں منعقد ہونے والا تین روزہ شندور فیسٹیول 2025، جو 20 جون سے 22 جون تک جاری رہا، ہزاروں ملکی و غیر ملکی سیاحوں کو اپنی رعنائیوں اور ثقافتی رنگوں سے محظوظ کرنے کے بعد اختتام پذیر ہوا۔
اس موقع پر سنو لیپرڈ فاؤنڈیشن (ایس ایل ایف) چترال آفس نے وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ اور ضلعی انتظامیہ اپر چترال کے اشتراک سے ماحول دوست اور ذمہ دار سیاحت کے فروغ کے لیے بھرپور آگاہی اور صفائی مہم چلائی۔
شندور، جو برفانی چیتے کا قدرتی مسکن اور لاسپور کے عوام کا روایتی چراگاہ ہے، فیسٹیول کے دنوں میں سیاحوں کا مرکز بن جاتا ہے۔ اس دوران بڑی تعداد میں پیدا ہونے والا کچرا اکثر کھلے میدانوں میں پھینک دیا جاتا ہے، جو نہ صرف ماحول کو آلودہ کرتا ہے بلکہ چراگاہ میں آزاد گھومنے والے مویشیوں کی صحت کے لیے بھی خطرناک ثابت ہو سکتا ہے، کیونکہ وہ یہ گندگی کھا کر مختلف بیماریوں میں مبتلا ہو سکتے ہیں۔
اگرچہ ایونٹ کے اختتام پر ضلعی حکومت کی جانب سے صفائی کی جاتی ہے، لیکن دورانِ ایونٹ صفائی کا مؤثر بندوبست ممکن نہیں ہوتا۔ اس صورتحال میں سیاحوں اور مقامی دکانداروں کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ ماحول کو صاف رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں۔
اسی مقصد کے تحت ایس ایل ایف چترال آفس نے ریجنل پروگرام منیجر جمیع اللہ شیرازی کی سربراہی میں ضلعی انتظامیہ، وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ، اور مقامی کمیونٹی آرگنائزیشنز، خصوصاً لاسپور کے کمیونٹی وائلڈ لائف گارڈز کے تعاون سے آگاہی واکس، اعلانات، دکانداروں سے ملاقاتیں اور صفائی مہمات کا انعقاد کیا۔
دکانداروں اور ہوٹل مالکان کو پلاسٹک بیگز فراہم کیے گئے تاکہ وہ کچرا ان میں ڈال کر رکھیں، جسے بعد ازاں ٹی ایم اے کا عملہ مخصوص مقامات پر محفوظ طریقے سے تلف کرے۔

