پروفیسر ممتاز حسین
(فیس بک سے لی گئی تحریر)
ان دنوں شندور کے تنازعے کا ذکر پھر سے چھڑ گیا ہے۔ اب کی بار یہ دو تین کلومیٹر چراگاہ کی حد بندی سے آگے بڑھ کر پورے چترال کو جی بی میں شامل کرنے تک آ گیا ہے۔ اگرچہ یہ زیادہ بامعنی موضوع نہیں، اور اس پر بحث وقت ضائع کرنے کے
مترادف ہے، لیکن بارش کے دوران کی بے کاری میں اسی پر وقت گزاری کرنے میں بھی کوئی حرج نہیں۔
1۔ شندور کے چراگاہوں کی حد بندی کا ایشو بنیادی طور پر اس سے ملحق دونوں طرف کے دیہات، یعنی لاسپور اور بالائی غزر کے لوگوں کے درمیاں ہے۔ اس پر دور دراز کے علاقوں کے لوگوں کی دلچسپی غیر ضروری بلکہ بدنیتی پر مبنی ہے۔ اس لیے یہ معاملہ مقامی سطح پر ہی حل کرنا بہتر ہے۔ یہ لوگ آپس میں رشتے ناطے رکھتے ہیں اور دونوں طرف برادریاں مشترک ہیں۔ پہلے تو یہ اپس میں صلح و صفائی سے معاملہ طے کر لیں، اور وہ نہ ہوا تو عدالتی چارہ جوئی کر لیں۔ اسے دو صوبوں کے بیچ سیاسی محاذ آرائی کا موضوع نہ بنا دیں۔
2۔ چترال کو جی بی میں شامل کرنے کی بات تو اور بھی بے معنی ہے۔ جعرافیائی طور پر چترال کنڑ وادی کا بالائی حصہ ہے، جس کا پانی دریائے کابل کے ساتھ مل کر وادی پشاور میں جاتا ہے۔ یہ ایک آسان درے لواری کے ذریعے دیر سوات سے منسلک ہے، اور اب ٹنل بننے کے بعد آمد و رفت مزید آسان ہو گئی ہے۔ اب ہم چھ گھنٹے میں پشاور اور سات گھنٹے میں اسلام آباد پہنچ جاتے ہیں۔ اب کون شندور پار کا چار سو کلومیٹر سفر کر کے گلگت اور وہاں سے اسلام آباد طویل سفر کرے؟
جہاں تک تاریخ کا تعلق ہے تو چترال معلوم تاریخ میں ہمیشہ ایک الگ ریاست رہا ہے۔ اس پر اگر باہر سے قبضے ہوئے ہیں تو کاشغر اور بدخشان سے۔ لیکن ان لوگوں نے بھی یہیں مقامی مستقل ریاست کی بنیاد ڈالی۔ یہیں سے ریاست کی توسیع غزر اور یسین میں ہوئی۔ یسین کا حکمران شاہ رئیس خان، جس نے گلگت پر بھی قبضہ کیا، اصل میں چترال کے بدخشانی نسل حکمران شاہ بابر کا بیٹا تھا۔ چترال میں اقتدار بدخشانی حکمرانوں (رئیس خاندان) سے سنگ علی کی اولاد کو منتقل ہوئی تو یسین غزر بھی ان کے ہاتھ آئے۔ اگلے دو سو سال غزر یسین، اشمقمن اور پونیال پر اسی خاندان کی حکومت رہی۔ چترال سے آبادی کی شندور پار منتقلی ہوئی اور وہاں کھوار زبان نیز کھو کلچر پھیلا۔ انیسویں صدی میں یسین کے کھو حکمرانوں (خوشوقتے) نے گلگت پر حملے کر کے وہاں کے پرانے خاندان کے اقتدار کا خاتمہ کر دیا۔ اس کے بعد گلگت پر ان کی پہلے سکھوں اور پھر ڈوگروں سے لڑائیاں ہوتی رہیں، جو 1860 میں گوہر امان کی وفات تک جاری رہیں۔ اس دوران کئی بار گلگت پر خوشوقت خاندان کا قبضہ رہا۔ بعد کے خوشوقت حکمران کمزور ہوئے تو زیریں چترال کے حکمران امان الملک کے زیر اثر آ گئے۔ اس زمانے میں یہ دونوں مل کر گلگت پر حملے کرتے رہے۔ 1880 میں خوشوقت خاندان کا اقتدار مکمل طور پر ختم ہو گیا اور شندور پار کے علاقے یسین، غزر اور اشقمن بھی کٹور حکمران کے قبضے میں آ گئے۔ 1895 میں چترال کی خانہ جنگی کے بعد انگریزوں کی بالا دستی چترال پر قائم ہوئی تو انہوں نے ریاست چترال کو برقرار تو رکھا، لیکن مستوچ اور شندور پار کے علاقے الگ کر کے اپنے پاس رکھ لیے۔ بیس سال بعد مستوج تو اسے واپس مل گیا، لیکن شندور پار علاقے کبھی نہ مل سکے۔
یہ تھی چترال اور گلگت کے تاریخی روابط کی حقیقت۔ باقی رہا چترال اور جموں کشمیر کا معاملہ۔ 1876 میں جب چترال کو کابل کی طرف سے جارحیت کا خطرہ محسوس ہوا تو یہاں کے حکمران امان الملک نے مہاراجہ کشمیر سے مدد کی درخواست کی۔ مہاراجہ چونکہ خارجہ تعلقات کے معاملے میں انگریزوں کا ماتحت تھا، اس لیے اس نے یہ معاملہ انگریزی حکومت کے سامنے رکھا۔ اس وقت نارتھ بروک وائسرائے تھا، جو خارجہ تعلقات میں زیادہ پیش قدمی کا قائل نہیں تھا۔ اس نے چترال کے ساتھ سرکاری سطح پر تعلقات بنانے کی بجائے مہاراجہ کو ہدایت کی کہ مہتر کو کابل سے حفاظت کی یقین دہانی کرائے۔ اس طرح مہاراجہ کی حکومت اور مہتر کے درمیاں تعلقات قائم ہوئے، جن کے تحت مہتر کو کشمیر کی طرف سے مالی امداد اور تحفظ کی یقین دہانی مل گئی۔ جواب میں مہتر نے مہاراجہ کی بالا دستی کو تسلیم کرنے کا اعلان کیا۔ اس کے ساتھ یہ طے پایا کہ پونیال اور کوہ غزر کی سرحد سے مہاراجہ آگے نہیں بڑھے گا اور مہتر چترال گلگت پر حملہ نہیں کرے گا۔ لیکن اسی سال برطانیہ کی نئی کنزرویٹیو حکومت نے لٹن کو وائسرائے بنا کر بھیجا، جو فارورڈ پالیسی کا حامی تھا۔ اس نے چترال سے تعلقات کو مہاراجہ سے واپس لے کر اپنے افسرں کے ذریعے چلانا شروع کیا۔ اس طرح مہاراجہ کے ساتھ چترال کے تعلقات محض رسمی رہ گئے۔
3۔ انگریزی اقتدار کے زیر سایہ چترال کبھی گلگت ایجنسی کا حصہ نہیں رہا۔ 1886 میں انگریزوں اور چترال کا معاہدہ ہونے اور 1878 میں گلگت ایجنسی قائم ہونے کے بعد گلگت سے ایک انگریز افسر نمائیندے کے طور پر یہاں تعینات ہوا، جو دو تین سال یہاں رہا۔ لیکن وہ بھی بیشتر وقت مستوج میں مقیم رہا۔ 1895 کے بعد چترال کے ساتھ معاملات کو ملاکنڈ میں مقیم پولیٹیکل ایجنٹ کے ذریعے ڈیل کیا جاتا رہا۔ اس دوران خود گلگت کا انتظام کبھی براہ راست انگریزوں کے ہاتھ میں رہا اور کبھی مہاراجہ کے ذریعے اسے چلایا گیا۔ 1947 میں ریاست چترال نے فوری طور پر پاکستان سے الحاق کر لیا، اور جب گلگت بلتستان کے لوگوں نے ڈوگرہ شاہی سے آزادی کی جنگ لڑی تو ان کا بھر پور ساتھ دیا۔ ایک طرف اسکردو سے آگے اور دوسری طرف گریز تک کے علاقوں میں لڑنے والے لوگ اب بھی چترال میں زندہ ہیں۔ یاد رہے کہ یہ لوگ پشتون قبائلیوں کی طرح رضاکار نہیں تھے، بلکہ چترال کی ریاستی افواج کے باقاعدہ دستے تھے۔
العرض، چترال کے لوگوں نے یہاں سے باہر جا کر لڑائیاں لڑی ہیں، لیکن سوائے انگریزوں کے کسی اور ماتحت نہیں رہے۔ انگریز بھی ریاست کے خارجہ معاملات پر نظر رکھتے تھے، اندورنی نظم و نسق سے ان کا زیادہ تعلق نہیں تھا۔ اس کے علاوہ یہ بھی قابل ذکر ہے کہ انیسویں صدی کے طوفانی دور میں اردگرد کی ساری ریاستیں وقتی یا مستقل طور پر اپنا وجود کھو بیٹھیں، لیکن چترال کی ریاست اپنی جگہ قائم رہنے میں کامیاب رہی۔ اب چترال آئینی طور پر مملکت پاکستان کا باقاعدہ حصہ ہے۔
دوسری طرف جی بی کی آئینی حیثیت نہ صرف پاکستان اور انڈیا کی حکومتوں بلکہ خود یہاں کے لوگوں کے نزدیک بھی ہنوز تصفیہ طلب ہے۔ جی بی کے ہمارے بھائیوں کو چاہیے کہ وہ اس معاملے کو پہلے طے کریں۔ اس سلسلے میں ہم چترالی آپ کے ساتھ ہر قسم کے تعاون کے لیے تیار ہیں، جیسے ہم نے 1838 سے 1948 تک سکھوں اور ڈوگروں کو یہاں سے نکالنے میں بار بار آپ کا ہاتھ بٹایا ہے۔ ایک بار جب اس علاقے کی آئینی حیثیت طے ہو جائے گی تو پھر آپس میں الحاق کا بھی سوچیں گے۔
اس موضوع پر
Dispute Over KP-GB Boundary at Shandur A Conspiracy: Dr Faizi

