یومِ مزدور کے موقع پر بونی میں واک اور تقریب کا انعقاد

بونی (شھزاد احمد شھزاد/چترال ٹوڈے)

یومِ مزدور کے عالمی دن کے موقع پر ضلعی انتظامیہ اپر چترال کی جانب سے بونی میں ایک پروقار تقریب اور آگاہی واک کا اہتمام کیا گیا، جس میں انتظامی افسران، منتخب نمائندوں، سرکاری و نجی اداروں کے اہلکاروں، تاجر برادری اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا جس کی سعادت مولانا عبدالغنی چمن نے حاصل کی، جب کہ ذوالفقار علی یفتالی (اے ڈی ای او اسپورٹس) نے نظامت کے فرائض انجام دیے۔

اس موقع پر صدر لیبر ونگ مسلم لیگ (ن) اپر چترال افسر علیم نے خطاب کرتے ہوئے مزدوروں کو درپیش مسائل اور نجی اداروں میں کم اجرت جیسے چیلنجز پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے حکومت کی جانب سے مقرر کردہ کم از کم اجرت (37 ہزار روپے) کو عملی طور پر نافذ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

\"Laborتحصیل چیئرمین موڑکھو تورکھو میر جمشید الدین نے کہا کہ مزدور طبقے کے مسائل کے حل کے لیے ضلعی انتظامیہ سے مشاورت کے بعد ٹھوس اقدامات کیے جائیں گے۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اپر چترال، معظم خان بنگیش نے صدارتی خطاب میں شکاگو کے مزدوروں کی جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کیا اور مزدوروں کو درپیش اجرت کے مسائل کے حل کے لیے خصوصی اجلاس بلانے کی یقین دہانی کرائی۔

تقریب کے اختتام پر مولانا عبدالغنی چمن نے اجتماعی دعا کرائی، جس کے بعد شرکاء نے یکجہتی واک میں شرکت کی۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *