Chitral Today
Latest Updates and Breaking News

جشن قاقلشٹ 2025 کا آغاز 17 اپریل سے ہوگا، کمیٹی کا فیصلہ

جشن قاقلشٹ 2025 کا آغاز 17 اپریل سے ہوگا، تقریبات چار دن جاری رہیں گی: جشن قاقلشٹ کمیٹی

اپر چترال (جمشید احمد) – چترال کا مشہور ثقافتی اور روایتی میلہ جشن قاقلشٹ 2025 کا آغاز 17 اپریل سے ہوگا، جو کہ چار دن تک جاری رہے گا۔ اس بات کا اعلان جشن قاقلشٹ کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا جو چیف پیٹرن مختار احمد سنگین کی صدارت میں قاقلشٹ میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں جشن قاقلشٹ کمیٹی کے ارکان اور مختلف کھیلوں کے کنوینئرز نے شرکت کی، تاہم چیئرمین جشن قاقلشٹ کمیٹی شہزادہ سکندر الملک ذاتی مصروفیات کی بنا پر اجلاس میں شریک نہ ہو سکے۔ شرکاء نے جشن کی تیاریوں کے حوالے سے اپنی تجاویز پیش کیں اور مختلف امور پر تفصیلی گفتگو کے بعد موسم کو مدنظر رکھتے ہوئے 17 اپریل سے جشن شروع کرنے کا متفقہ فیصلہ کیا۔

اجلاس کے شرکاء نے جشن کی تیاریوں میں شہزادہ سکندر الملک کی کاوشوں کو سراہا اور ڈپٹی اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی ثریا بی بی سے گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی تعاون کی توقع ظاہر کی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز، بشمول انتظامیہ، پولیس، لوکل گورنمنٹ اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر جشن کو کامیاب بنانے کے لیے بھرپور کوششیں کی جائیں گی۔ اسی سلسلے میں 11 اپریل بروز جمعہ کو ڈپٹی کمشنر اپر چترال اور ڈپٹی اسپیکر ثریا بی بی سے ملاقات کی جائے گی جس میں سیکیورٹی اور دیگر انتظامی امور پر بات چیت کی جائے گی۔

جشن میں چترالی ثقافت کے عکاس روایتی کھیل جیسے پولو، رسہ کشی اور ثقافتی شو کا اہتمام کیا جائے گا، جب کہ جدید کھیلوں میں فٹبال، والی بال، کرکٹ، پیرا گلائیڈنگ اور ادبی پروگرامز بھی شامل ہوں گے۔

You might also like

Leave a comment

error: Content is protected!!