قدرتی آفات سے نمٹنے کے لئے مشترکہ لائحہ عمل ترتیب دینا ہوگا: سربراہ اکاہ
چترال (پریس ریلیز) آغا خان ایجنسی فار ہیبیٹاٹ کے زیر انتظام آج چترال کے ایک مقامی ہوٹل میں موسم گرما میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے سلسلے میں ایک مشترکہ اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں تمام لائن ڈیپارٹمنٹ کے نمائندوں جیسے ضلعی انتظامیہ، ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر منیجمنٹ یونٹ، ریسکیو 1122، محکمہ موسمیات، محکمہ صحت، محکمہ زراعت، محکمہ لائیو اسٹاک، محکمہ تعلیم، پبلک ہیلتھ، آب پاشی اور دوسرے اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
تقریب کے شرکاء نے اپنے اپنے اداروں کے موسم گرما کے سلسلے میں تیاریوں سے شرکاء کو آگاہ کیا جبکہ آغا خان ایجنسی فار ہیبیٹاٹ پاکستان چترال ریجن میں موسم گرما میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے لئے اپنی تیاریوں سے تمام شرکاء کو آگاہ کیا۔
اختتامی خطاب میں آر پی ایم ولی محمد خان نے تمام شرکاء کا اس اہم ترین ورکشاپ میں شرکت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ قدرتی آفات سے نمٹنا اب کسی ایک ادارے کے بس میں نہیں رہا۔ ہمیں اس سلسلے میں باہمی اتفاق سے مشترکہ طور پر کوششوں کا آغاز کرنا چاہئے تاکہ ہم بروقت اور تمام متاثرین تک پہنچ سکیں اور ان کی مدد کرسکیں۔ تقریب کے مہمان خصوصی شہروز مفتی اے اے سی چترال لوئر نے اپنے خطاب میں قدرتی آفات کے دوران بہترین خدمات انجام دینے پر اکاہ کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ یہ سلسلہ آگے بھی جاری رہے گا۔
انہوں نے تمام شرکاء کو ضلعی انتظامیہ کی طرف سے بھر پور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔