تحریک آزادی کے نامور شخصیت ظفر علی خان سپرد خاک
تحریک آزادی کے نامور شخصیت آنرری کیپٹن ریٹائرڈ ظفر علی خان آف جنگ بازار سپرد خاک
چترال (محکم الدین) بابائے پولو چترال لال عمرا خان کے منجھلے فرزند و تحریک آزادی چترال کے نامور شخصیت آرنری کیپٹن (ر) چترال سکاوٹس ٹی کے ون ظفر علی خان کو جمعہ کے روزآبائی قبرستان جنگ بازار میں ہزاروں افراد کی موجودگی میں سپرد خاک کردیا گیا۔ جوکہ جمعہ کی صبح وفات پا گئے تھے۔
ان کی نماز جنازہ جنگ بازار میں ان کی رہائش گاہ کے احاطے میں ادا کی گئی جس میں سابق ایم این اے چترال شہزادہ افتخارالدین، سابق ضلع ناظم حاجی مغفرت شاہ سمیت مختلف پارٹیوں کے قائدین، سرکاری آفیسران، عزیز و اقارب اور بڑی تعداد میں مقامی لوگوں نے شرکت کی۔ مرحوم ظفر علی خان کے فرزند انجینئر خالد جمیل کے مطابق ان کی عمر اٹھانوے سال تھی جو کہ قمری سال کے حساب سے ایک سو ایک سال بنتی ہے۔
ظفر علی خان وہ پہلی شخصیت تھے جنہوں نے دروش چھاونی میں قیام پاکستان کے موقع پر برطانیہ کا جھنڈا اتارا اور پاکستان کا پرچم لہرایا جس کے بعد چھاونی کے اندر پاکستانی پرچم کو سلامی دی گئی۔ اس وقت برطانوی کمانڈر کی موجودگی میں برطانوی جھنڈا اتارنے کی کسی کو ہمت نہیں ہو رہی تھی۔
ظفرعلی خان چترال سکاوٹس میں آرنرری کیپٹن کے عہدے پر ریٹائر ہوئے اور ملازمت سے سبکدوش ہونے کے بعد انتہائی پر سکون زندگی بسر کی۔
آپ خاموش طبع، نرم مزاج اور آرام طلب شخصیت کے مالک تھے۔ آپ انجنیئر خالد جمیل کے والد گرامی، سردار علی خان کے بڑے بھائی، ریٹائرڈ صوبیدار میجر مقبول علی خان و صوبیدار (ر) منصور علی خان کے چچا اور معروف پولو پلئیر اظہار علی خان کے دادا تھے۔