گرم چشمہ روڈ پر چارخستہ حال پلوں کی مرمت کا کام مکمل
گرم چشمہ (نمائندہ چترال ٹوڈے) این ایچ اے کے کنٹریکٹر، اسٹاف اور لٹکوہ ڈیویلپمنٹ فورم کے رضاکاروں نے ایک ہفتے دن رات لگاتار کام کرکے گرم چشمہ روڈ پرچار خستہ حال پلوں کی مرمت کا کام مکمل کرلیا ہے۔
کل شام اوچو پل کی مرمت کا کام بھی مکمل کرلیا گیا اس خوشی میں علاقے کے عوام اور لٹکوہ ڈیویلپمنٹ فورم (ایل ڈی ایف) کے ممبران کی جانب سے ان کے اعزاز میں نئے مرمت شدہ اوچو پل پر ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب سے اپنے خطاب میں لٹکوہ ڈیویلپمنٹ فورم کے عبوری کنونئیر قیمت خان نے کہا کہ لٹکوہ ڈیویلپمنٹ فورم کی دعوت پر ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمن کا گرم چشمہ کا دورہ انتہائی اہم اور علاقے کے لئے مثبت رہا۔ ایم پی اے نے علاقے کے مسائل کا ادراک کرتے ہوئے این ایچ اے حکام کو کام کی رفتار تیز کرنے پر آمادہ کیا اور گزشتہ کئی دنوں سے ایم پی اے گرم چشمہ روڈ کے خستہ حال پلوں کی مرمت کے سلسلے میں انتہائی موثر کردار ادا کررہے ہیں۔ جس کی وجہ آج ان کی آمد کے ایک ہفتے بعد گرم چشمہ روڈ پر موجود چار انتہائی خستہ حال پلوں کی مرمت کا کام مکمل ہوگیا ہے۔
اس تیز رفتاری سے گرم چشمہ روڈ پر کام تاریخ میں پہلی دفعہ ہوا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبیدار امیر اللہ نے کہا کہ ان پلوں کی تعمیر کے بعد گرم چشمہ کے عوام اپنی آلو کی فصل بروقت منڈی تک پہنچانے میں کامیاب ہوں گے جو کہ علاقے کے عوام کے لئے انتہائی سود مند ثابت ہوگا۔
ا ن کا کہنا تھا کہ میں ذاتی طور پر ایل ڈی ایف کا ممبر ہوں اور اس فورم کے کام کرنے کے انداز سے بہت متاثر ہوا ہوں۔ پلوں کی تعمیر میں ایل ڈی ایف کے ممبران نے جس جان فشانی سے کام کیا ہے میں حکومت سے مطالبہ کرتا ہوں کہ علاقے میں ہونے والے تمام تعمیراتی کاموں کی نگرانی ایل ڈی ایف کو سونپ دی جائے تاکہ معیار بھی برقرار رہے اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کو بھی فروغ ملے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نصرت الہی نے کہا کہ این ایچ اے کے اے ڈی اور کنٹریکٹر نے جو کام ایک ہفتے کے اندر کیا ہے وہ دوسرے ذمہ دار ادارے سالوں میں نہیں کر پاتے۔ ہم این ایچ اے کے آنے کے بعد گومگو کی کیفیت میں تھے کہ پتہ نہیں ان کے کام کرنے کا انداز کیا ہوگا مگر ہمارا ان کے ساتھ پہلا تجربہ ہی بہترین رہا ہے۔جس کے لئے میں اپنی طرف سے، علاقے کے عوام اور ایل ڈی ایف کے ممبران کی جانب سے ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
پلوں کی مرمت اپنی جگہ، گرم چشمہ روڈ میں مزید بہتری اور کام ہوتا ہوا آپ سب کو آئندہ چند دنوں میں نظر آئے گا۔ آج یہاں یہ بات بھی بتانا ضروری ہے کہ آئندہ سے ہم لٹکوہ والے صرف اس شخص کا شکریہ ادا کریں گے جو علاقے کی بہتری اور مسائل کو حل کرنے میں کردار ادا کرے گا۔ ہم ہراس شخص کو ہار پہنانے اور اس کے لئے زندہ باد کے نعرے لگانے کے لئے تیار ہیں جو علاقے کی بہبود کے لئے کام کرے مگر یہ زندہ باد کے نعرے اور شکریے کے ہار اس وقت پہنائے جائیں گے جب ترقیاتی کام اپنے تکمیل کو پہنچے۔
تاجر یونین کے نمائندے نوح احمد نے کہا کہ ہم این ایچ اے کے کنٹریکٹر کے انتہائی مشکور ہیں کہ انہوں نے بہت کم عرصے میں پلوں کی معیاری مرمت کو یقینی بنایا ہم آئندہ بھی ان سے یہی توقع رکھتے ہیں۔
ناظور شاہ چیئرمین گاڈو اور ایل ڈی ایف کے ممبر نے کہا کہ یہ خوش قسمتی ہے کہ گرم چشمہ روڈ این ایچ اے کے حوالے کیا گیا ہے اور این ایچ اے کے ٹھیکہ داروں نے لٹکوہ ڈیویلپمنٹ کے ہر ممبر کی بات توجہ سے سنی ہے، جس کی وجہ سے معیار بھی بہترین رہا اور بروقت کام پورا ہوا۔
نظار شاہ نے کہا کہ این ایچ اے کے ذمہ داروں کو جب بھی ضرورت پڑی ایل ڈی ایف کے رضاکار ہمیشہ موجود رہیں گے ہم جس طرح کام کرنے کو تیار ہیں اسی طرح غیر معیاری کام رکوانے کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں۔