ھردلعزیز شخصیت کی رحلت پر پورا لٹکوہ سوگوار
بارے دنیا میں رہو غمزدہ یا شاد رہو
ایسا کچھ کرکے چلو یاں کے بہت یاد رہو
ان دنوں علاقہ لٹکوہ کی فضا سوگوار ہے کیونکہ ایک ہر دلعزیز شخصیت سماجی کارکن سابق پریزیڈنٹ نامدار لوکل کونسل گرم چشمہ ریٹائرڈ استاد علاقہ لٹکوہ کے بے لوث خدمت گارامیر والی خان کی اچانک وفات ہوگئی۔ جو گذشتہ روز یعنی چار مارچ کو برین ہمیرج کی وجہ سے خالق حقیقی سے جا ملے۔ انا للّٰہ وانا الیہ راجعون۔
امیر والی خان سن ساٹھ کی دہائی میں گرم چشمہ کے نواحی گاؤں سانیک پائین میں پیدا ہوئے ابتدائی تعلیم کے بعد اعلی تعلیم کے لئے کراچی چلے گئے جہاں کراچی یونیورسٹی سے ماسٹر ڈگری حاصل کی اور بطور معلم ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ منسلک ہوئے اور پھلے سال ریٹائرڈ ہوئے۔
استاد محترم گرم چشمہ میں اسماعیلی کونسل کے صدر رہے اور مسلکی ہم آہنگی کو فروغ دینے اور علاقے کی ترقی میں متحرک رہے۔ ان کی صدارت کے دوران جمعیت علمائے اسلام ف پاکستان کے سربراہ مولانا فضل الرحمان گرم چشمہ میں موجود خیابان شاہ ناصر خسرو اور اسماعیلی کونسل کا دورہ کئے جہاں علاقے کے مسائل اور چیلینجز کے حوالے سے بریفنگ دی گئی اور مسلکی ہم آہنگی کے لئے پل بنانے پر زور دیا گیا۔
علاقہ لٹکوہ کے عوام کا مرحوم استاد محترم کے ساتھ والہانہ محبت تھی۔ ان کی وفات کے دن پورا علاقہ سوگوار رہا۔
استاد محترم ملنسار اور خوش مزاج شخصیت کے مالک تھے۔ بروقت فیصلہ سازی اور حاضر جوابی ان کی شخصیت کی پہچان تھی۔ مشکل وقت میں بھی درست فیصلہ لینے کی طاقت رکھتے تھے۔ علاقے کے لوگ ان کی وفات کو ناقابل تلافی نقصان قرار دے رہے ہیں جو شاید ہی پورا ہو۔
ہم استاد محترم کی روح کے لئے دعاگو ہیں کہ پروردگارِ عالم انہیں دائمی سکون نصیب فرمائے اور ان کے خاندان والوں کو صبروجمیل عطا فرمائے آمین ثمہ آمین۔