Chitral Today
Latest Updates and Breaking News. Editor: Zar Alam Khan.

کھلا خط بنام ڈی سی لوئر چترال

 بخدمت گرامی جناب ڈی سی صاحب لوئر چترال

السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ
امید ہے کہ آن جناب خیریت سے ہوں گے.
گزارش ہے کہ جغور کے مقام پر چترال کو وطن عزیز کے دیگر حصوں سے ملانے والی واحد سڑک کے موڑ پر ایک رولر گاڑی کئی دنوں سے کھڑی ہے. اس لاوارث رولر کی وجہ سے دونوں طرف سے سے آنے والی گاڑیوں کو شدید کوفت کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور اکثر اوقات تو ٹریفک کی صورت حال بھی بگڑ جاتی ہے جس سے ٹریفک جام جیسے مسائل جنم لیتے ہیں۔
علاوہ ازیں اس شارٹ موڑ پر رولر کی وجہ سے روڈ کی ایک سائٹ مکمل بند ہے، ایسی صورت حال میں کوئی حادثہ بھی رونما ہوسکتا ہے۔اس موڑ سے کوئی چالیس  فٹ آگے روڈ کے ساتھ کشادہ جگہ ہے جہاں پر یہ رولر گاڑی بآسانی کھڑی کی جاسکتی ہے.
جیسا کہ آپ کو بخوبی معلوم ہے کہ راستہ سے تکلیف دہ چیز ہٹانا نیکی اور ثواب کا کام ہے بلکہ حدیث مبارکہ میں اسے ایمان کی ایک شاخ (خصلت) قرار دیا گیا ہے۔ اسلام میں شارع عام کے حقوق کا اتنا خیال رکھا گیا ہے کہ جو شخص راہ عام پر خرید و فروخت کرے اور اس کی وجہ سے راستہ تنگ ہو تو اس شخص سے خرید و فروخت کرنے سے منع کیا گیا کہ ایسی صورت میں اس سے خریدنا گناہ پر مدد کرنا ہے کیونکہ جب کوئی خریدےگا نہیں تو وہ بیٹھے گا کیوں؟
 لہذا آنجناب سے گزارش ہے کہ آپ وسیع تر عوامی مفاد میں اس گاڑی کو مذکورہ جگہ سے ہٹانے کا حکم صادر فرمائیں اور ساتھ ساتھ اس روڈ کا جو مرمت کا کام ادھورا پڑا ہے اس کو مکمل کروانے کی طرف بھی توجہ دیں، تاکہ اس کام کی تکمیل سے عوام کو سفری سہولیات فراہم ہوسکیں۔
آخر میں مجھے امید واثق ہے کہ جناب والا میری گزارشات کو عملی جامہ پہنانے کی بھرپور کوشش کریں گے.
والسلام
مولانا عبدالحی چترالی
You might also like

Leave a Reply

error: Content is protected!!