ایون میں حبیب بینک کی نئی عمارت کا افتتاح
چترال (محکم الدین) سیاحتی اور زرعی و کاروباری سطح پر معروف علاقہ ایون میں حبیب بینک کی نئی بلڈنگ کا افتتاح کر دیا گیا جو کہ حال ہی میں مکمل ہوا ہے۔
ایون کے معروف علمی شخصیت قاضی محمد نظام نے فیتہ کاٹ کر بینک کی کامیابی کیلئے دعا کی۔ اس موقع پر بڑی تعداد میں ایون کے کاروباری شخصیات، تاجر برادری کے نمایندگان اور علاقائی عمائدین موجود تھے۔
ایریا منیجر چترال رحمت ظفر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حبیب بینک ایون برانچ عرصے سے ایون کے عوام کو سہولت فراہم کرنے کیلئے خدمات انجام دیتا رہا ہے۔ اب نئی بلڈنگ میں نئی سہولیات کی فراہمی اور نئے جذبے سے خدمات پیش کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایون برانچ کو کئی مرتبہ مشکلات سے واسطہ پڑا لیکن آج ہم پر امید ہیں اور توقع رکھتے ہیں کہ کاروبار سے وابستہ افراد اس کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کیلئے بھر پور تعاون کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بینک کیلئےبہترین بلڈنگ تعمیر کی گئی ہے اور اے ٹی ایم کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے جن کی بینک کی پرانی بلڈنگ میں کمی محسوس کی جارہی تھی۔
معروف سوشل ایکٹی وسٹ عنایت اللہ اسیر نے بینک کی نئی بلڈنگ کو ایون کے عوام کیلئے ایک تحفہ قرار دیا اور کہا کہ بینک میں موجود سہولیات کاروباری افراد کو اپنی طرف راغب کرنے میں مدد گار ثابت ہوں گے اور نئی بلڈنگ میں مالی لین دین کو پہلے سےزیادہ ترقی ملے گی۔