شہر سے دور شہر یار سے دور
دھڑکنوں کی زبان
محمد جاوید حیات
شہر یار فارسی میں باد شاہ کو کہتے ہیں۔ بادشاہ شہر میں رہتا ہے جو شہر سے دور ہوتا ہے وہ بادشاہ کی توجہ سے بھی دور ہوتا ہے اورد یہات میں رہنے والے لازم ہے کسی بھی شہری سہولت سے محروم رہتے ہیں ۔۔عادل بادشاہ کی ایک صفت یہ ہے کہ وہ اپنے ملک میں رہنے والے ہر فرد کا خیال رکھے۔ اس کی زندگی کو سہولیات سے بھر دے۔۔
اس کی پسماندگی دور کر دے ۔۔یہ فلاحی مملکت کی نشانی ہے ۔یہ بھی لا زم ہے کہ دیہی پسماندگی کی خبریں بادشاہ تک کون پہنچائے ۔بادشاہ کو کیسے پتہ ہو کہ گاؤں پسماندہ ہے ۔وہاں پہ سہولیات کا فقدان ہے وہاں پہ جو باشندے ہیں وہ مشکل میں ہیں۔ یہ فلاحی مملکت کی ایک مشینری ہوتی ہے کہ وہ ملک کے باشندوں کی خیر خبر لے ۔ملک خداد میں چترال ایک پسماندہ اور دور افتادہ ضلع ہے ۔۔لگتا ہے کہ ہمیشہ اس کی خیر خبر بھی شہریار تک نہیں پہنچتی ۔۔یہاں پہ فریادیں ہوتی ہیں دھائیاں ہوتی ہیں پسماندگی کا رونا رویا جاتا ہے ۔مگر یہاں کے نمائندے جب شہر سدھارتے ہیں تو وہیں کے رہ جاتے ہیں اور شہر یار کی خوشہ چینیاں کرنے بیٹھتے ہیں۔ جمہوریت اور حقوق کی راگ الاپنے والے اصلاح اور محرومیوں کی نشاندھی کرنے والے۔۔
پسماندگی کا رونا رونے والے اور اس کو دور کرنے کا تہیہ کرنے والے ۔۔ان پسماندہ لوگوں کو بیدار کرنے والے ۔ان کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے والوں کا منہ توڑنے والے شہریار کا تواف کرتے رہتے ہیں اور شہر اور شہر یار سے دور یہ بد قسمت اپنی محرومیوں کو گلے لگائے اسی طرح زندہ و تابندہ رہتے ہیں ۔۔موجودہ حالت میں چترال میں کوئی تبدیلی نظر نہیں آ تی ۔بجلی پچھلے سال ایک دو مہینے کے لئے باقاعدہ ہو ئی تھی ۔۔پھر ایک آنکھ مچولی کی مصیبت آگئی ہے ۔۔عوام روشنی کو ترستی ہیں ۔ بلاوجہ لوڈ شیڈنگ ہے بلکہ بجلی نہیں ہے ۔کوئی پرسان حال بھی نہیں ۔دھائی سننے والا بھی کوئی نہیں ۔لوکل گورنمنٹ ،دو صوبائی اسمبلی کے ممبر ایک قومی اسمبلی کے ممبر لیکن عوام اندھیروں میں ٹاکمٹوئیاں کھا رہی ہیں۔سڑکوں کی حالت مخدوش ہے ۔آپر چترال کے لوگ جان پہ کھیل کے مجبوراً سفر کرتے ہیں ۔
چترال میں ٹیلی نار سروس ناقص ہے ۔رابطے مفقود ہیں ۔بے شک ہم شہر سے بھی دور ہیں اور شہریار سے بھی دور ہیں ۔محرومیاں ہمارامقدر ہیں ۔۔لیکن نمائندگی کی راگ الاپنے والے اپنا تعارف کسی سے کس طرح کریں یہ کس کے نمائندے ہیں ۔۔کیا یہ محرومیوں میں مذید اضافہ کرنے کے لئے ہیں ۔یہ کس مسیحا کے روپ میں ہیں یہ کس درد کی دوا ہیں ۔پچھلی حکومت میں چترال شہرکے لئے بجلی خصوصی دی گئی تھی اس کی خاصہ تشہیر بھی کی گئی تھی ۔ہم سے دعائیں بھی اگلوائی گئیں تھیں ۔لیکن وہ آج کدھر گئی ۔کیا وہ جھوٹ تھا یا یہ آج ہماری نا اہلی ہے ۔کہ ہم پسماندہ بلکہ ماندہ ہوتے جا رہے ہیں ۔نئے پاکستان میں یہ اندھیرا کہاں سے آگیا ۔عوام کے بنیادی مسائل کا ادراک اور مل بیٹھ کے ان کاحل ڈھونڈنا نمائندوں کا فرض ہوتا ہے ۔۔ہمارے ہاں ایک کھینچاتانی کا ماحول پیدا ہو ا ہے ۔ہمارے نمائندوں کو بھی سر جوڑ کے بیٹھنے نہیں دیا جاتا ۔کریڈٹ لینے کی دوڑ میں پھنسا دیاجاتا ہے ۔سیاسی سکورنگ بچوں کا کھیل ہے ۔۔
خدمت اور چیز ہے ۔اس پسماندہ علاقے کو سکورنگ کی نہیں خدمت کی ضرورت ہے ۔نمائندے مل بیٹھیں اور ایڑھی چوٹی کازور لگا کر درینہ مسائل حل کرنے کی کوشش کریں۔۔بجلی کی حالیہ لوڈ شیڈنگ ایک سوالیہ نشان ہے کہ اس کی وجوہات کیا ہیں ۔ اگر چترال میں بجلی نہیں تھی تو اس وقت گولن گو ل بجلی کا نعرہ کیوں تھا ۔اگر ہے واقع گولن گول بجلی گھر تعمیر ہوا ہے اور بجلی موجود ہے تو یہ اندھیرا کیسا ؟۔اگر چترال کو تیس میگا واٹ بجلی دینا فراڈ تھا تو و ہ سیاسی سکورینگ کیوں تھی ۔۔ہم پسماندہ تھے ۔ پسماندہ ہیں ۔ پسماندہ رہیں گے۔۔ہم شہر اور شہریار دونوں سے دور ہیں ۔آپ د رمیان میں آکر لیڈر لیڈر کہنا بندکردیں ۔
نگاہ مرد مومن سے بدل جاتی ہیں تقدیریں … یہ حضرت علامہ اقبال نے کہا ہے .. نگاہ سے مراد عقل فراست ہے ..ھمین ان باتوں کی سمجھ نہیں ہے .. ہم نے تو الله کے نام پر آخرت میں سرخرو ہونے کیلئے ووٹ دیا ہے .. پھر بجلی وغیرہ کا رونا کیسا ؟؟ اگر ہماری عقل فراست یہ ہے کہ سارا پاکستان ایک طرف اور ہم معزز چترالی دوسری طرف خود کو رکھیں گے تو نتیجہ یہی نکلنا تھا .. ہمیں چائیے کہ دھڑا دھڑ سیرت کانفرنسیں کرائیں، نماز روزوں کی فکر کریں .. اور عمرہ پیکیج مانگیں … ہماری عقل فراست کا یہ حال ہے کہ پچھلے اور اس سے پچھلے چناو میں ہم ان لوگوں کو ووٹ دیتے آئے ہیں جن کا حزب اختلاف میں بیٹھنا یقینی تھا .. اب کی بار تو ہم نے کمال ہی کر دکھایا ، پورے پاکستان میں جماعت کی ایک ہی تن تنہا سیٹ اور وہ سیٹ کہاں سے ٹپکی ،، چترال سے .. اور اپنا قیمتی ووٹ ہم نے الله کے نام پر حق اور باطل کے مقابلے میں ظاہر ہے بحیثیت مسلمان ہم نے حق حق کو چنا تاکہ ہم بعداز موت الله کے ہان سرخرو ہوں
میں چترال ہی میں موجود تھا کم و بیش ہر مسجد سے یہی حق و باطل کی سدایئں بلند ہو رہیں تھیں .. اور اپ نے بھی یقینا حق ہی کو چنا ہوگا .. اب اپ چار دنوں کی دنیا کیلئے آخرت کو بھلا رہے ہیں ، ہمیں ہماری ووٹ کا اجر ضرور ملے گا .. بس آج یا کل موت جونہی ہمیں گلے لگا لے تو ہم بجلی اور سڑک کی مجبوریوں سے آزاد ہونگے ، پھر ہر طرف بجلی کے قمقمے ، ھوص کوثر پھر حوروں کے قہقہے ،، موجاں ہی موجاں ،، بس کچھ دنوں کا انتظار حوصلے اور اسی حوصلے ایمانی سے کرتے ہیں ، جس جذبہ ایمانی سے ہم نے ووٹ دیا تھا …. رب کا شکر ادا کر بھائی جس نے ہم کو گاۓ بنائی