WAPDA, SRSP given July 20 deadline
چترال(بشیر حسین آزاد) پاؤر کمیٹی چترال کا اجلاس زیر صدارت خان حیات اللہ خان صدر پاؤر کمیٹی چترال منعقد ہوا۔
اجلاس میں ایس آر ایس پی کی طرف سے تعمیر کردہ بجلی گھر سے ٹاون کو بجلی کی فراہمی میں مکمل ناکامی پر تفصیلی غوروخوص اور گفتگو ہوئی۔ اجلاس کے شرکاء نے ایس آر ایس پی اور واپڈا کی شدید مذمت کی۔
آخر میں متفقہ طورپر قرارداد منظور کی گئی کہ پاؤر کمیٹی چترال ایس آر ایس پی اور واپڈاکے خلاف 15جولائی 2017سے تحریک کا آغاز کرے گی جو بجلی کی مکمل فراہمی تک جاری رہے گی۔ 20جولائی تک بجلی بحال نہ ہونے پر چیوپل پر دھرنا اور روڈ بلاک کیا جائے گا۔
اجلاس میں قرارداد کے ذریعے مطالبہ کیا گیا کہ ڈی پی ایم (ایس آر ایس پی) ضلعی انتظامیہ، ضلعی حکومت اور پاؤر کمیٹی کو بذریعہ لیٹر مقررہ تاریخ سے پہلے یقین دہانی کرے کہ مذکورہ بجلی گھر صرف اور صرف ٹاون ایریا کے لئے تعمیر کیا گیا اور ٹاون ایریا کے عوام بلاشرکت غیر بجلی کا حقدار ہیں۔ مذکورہ بالا تاریخ تک بجلی بحال نہ ہونے اور اس کے نتیجے میں کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی ذمہ داری ایس آر ایس پی اور محکمہ واپڈا پر عائد ہوگی۔