21 polling stations declared sensitive
چترال (بشیر حسین آزاد ) ضلع چترال میں بلدیاتی انتخابات کیلئے قائم 265 پولنگ سٹیشنوں میں سے اکیس کو حساس قرار دیا گیا ہے ۔ ان اکیس پولنگ سٹیشنوں میں سے اٹھارہ دروش میں واقع ہیں ۔ جبکہ ارندو گول میں واقع تین پولنگ سٹیشنوں رام رام ، میراکباٹ باٹ اور کمسئی کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر دروش بشارت احمد کے مطابق دیگر حساس پولنگ سٹیشنوں میں لنگور بٹ ، گرلز سکول ارندو ، ہائی سکول ارندو ، اکروئے ، دمیل نسار پرائمری سکول ، ہائی سکول دمیل ، پرائمری سکول برنج اسفار ، گرلز پرائمری سکول اسفار ، کیسو ،اوسیک وغیرہ پولنگ سٹیشن شامل ہیں۔ان پولنگ سٹیشنوں کو کراس بارڈر خطرات ، مقامی دشمنی اور سیاسی پارٹیوں کی آپس میں مخالفت کا سامنا درپیش ہے ۔ تاہم انتخابی عمل کی انجام دہی کیلئے فول پروف سیکیورٹی کی فراہمی کے انتظامات مکمل کئے گئے ہیں ۔ چترال میں 131813مرد ووٹرز اور 96832خواتین ووٹر ز انتخابات میں حصہ لیں گے ۔ جبکہ اس سلسلے میں 259مرد خواتین مشترکہ پولنگ سٹیشن 3مرد 3خوا تین علیحدہ علیحدہ پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے ہیں ۔ 265پریزائڈنگ سٹیشن ،660پولنگ آفیسران اور 1980اسسٹنٹ پریزائڈنگ آفیسران خدمات انجام دیں گے ۔ انتخابات میں چترال بھر کے ووٹرز 110 ڈسٹرکٹ ، 118تحصیل 386کسان کارکن 318یوتھ اور 96اقلیتی امیدواروں کیلئے اپنا ووٹ استعمال کریں گے ۔ اور 24وارڈ و 95ویلج کونسل اور 5نائبرہوڈ کونسل کے نمایندوں کا انتخاب کریں گے ۔ درین اثنا انتخابات کے دن قریب آنے پر امیدواروں کی سرگرمیوں میں انتہائی تیزی آئی ہے ۔ اور تمام لوگوں کے ذہنوں پر انتخابات کی باتیں سوار ہو چکی ہیں ۔ تاہم انتخابی امیدوار اور ووٹرز ابھی سے اس خدشے کا اظہار کر رہے ہیں ۔ کہ انتخابات میں بیلٹ پیپرز کی لمبی فہرست کی وجہ سے وقت زیادہ صرف ہونے کے باعث ووٹوں کے ٹرن اوٹ میں غیر معمولی کمی ہو سکتی ہے ۔
]]>