چترال (مانیٹرنگ ڈیسک) پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس صاحب نے صوبہ بھرمیں ماتحت عدلیہ کے ججوں کے ترقی اور تبادلے کے احکامات جاری کردئیے ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق رجسٹرار پشاور ہائیکورٹ کی جانب سے جاری کئے گئے اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ صوبہ بھر کے مختلف اضلاع میں تعینات ججوں کے ترقی اور تقرری عمل میں آئی ہے۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج چترال اشفاق تنولی کو پشاور ہائیکورٹ میں او ایس ڈی لگا دیا گیا ہے جہاں وہ چیئرمین ڈرگ کورٹ کی حیثیت سے اپنی تعیناتی کنفرم ہونے تک رہینگے جبکہ انکی جگہ ایڈیشنل سیشن جج بالاکوٹ محمد سلطان ترین کو ترقی دیکر چترال میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج تعینات کیا گیا ہے۔ چترال کے ایڈیشنل سیشن جج محمد جمال خان جوکہ 45دن کی چھٹی پر ہیں کو ترقی دیکر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج چارسدہ تعینات کیا گیا ہے اور دیر پائین سے الطاف الرحمن کو ایڈیشنل سیشن جج چترال مقرر کیا گیا ہے۔ اسی طرح سنیئر سول جج چترال سید علی رضا کو چترال سے بنوں تبدیل کرکے نئے ترقی پانے والے سول جج شوکت احمد خان کو پشاور سے تبدیل کرکے چترال میں سنیئر سول جج مقرر کیا گیا ہے۔